موجودہ حکومت ملکی تاریخ کا طویل مدتی نگران سیٹ اپ قرار
پاکستان میں موجودہ نگران حکومت ملکی تاریخ کی سب سے طویل مدتی نگران حکومت بن گئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق جاری کردہ سرکاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ انوارالحق کاکڑ کے بطور نگران وزیراعظم 131 دن مکمل ہوگئے ہیں، اس سےقبل میاں سومرو کی نگران حکومت 130 دن کی تھی۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ انوار الحق کاکڑ نے بطور نگران وزیراعظم 14 اگست 2023 کو حلف اٹھایا ، ان سے قبل جسٹس (ر) ناصر الملک یکم جون سے 18 اگست 2018 تک 79 روز کے لیے نگران وزیر اعظم تھے، جسٹس (ر) ہزار خان کھوسو 25 مارچ 2013 سے 4 جون 2013 تک نگران وزیراعظم تھے، وہ 71 روز کے لیے نگران وزیراعظم رہے تھے۔
دستاویز کے مطابق اس سے قبل میاں سومرو 16 نومبر2007 سے 24 مارچ 2008 تک نگران وزیراعظم رہے، وہ 130 روز کے لیے نگران وزیر اعظم رہے، معراج خالد 5 نومبر 1996 سے 16 فروری1997 تک نگران وزیراعظم رہےتھے، انہوں نے 104 روز بطور نگران وزیراعظم اپنے فرائض انجام دیے، ان سے پہلے معین قریشی 18 جولائی 1993 سے 18 اکتوبر 1993 تک نگران وزیراعظم تھے، وہ 92 دن اس منصب پر فائز رہے۔
سرکاری دستاویز میں بتایا گیا کہ ان سے پہلے بلخ شیرمزاری 18 اپریل 1993 سے 26 مئی 1993 تک نگران وزیراعظم تھے اور انہوں نے 38 روز بطور نگران وزیراعظم اپنی ذمہ داریاں انجام دی، غلام مصطفی 6 اگست 1990 سے 5 نومبر 1990 تک نگران وزیراعظم تھے اور وہ 91 دن اس منصب پر فائز رہے۔