ایم کیو ایم اور جے یو آئی(ف) نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ بڑھانے کا مطالبہ کردیا
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) اور جمیعت علمائے اسلام(ف) نے 2024 کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی فارم جمع کروانے کی تاریخ کو بڑھانےکامطالبہ کردیا۔
ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے چیف الیکشن کمشنر کے پاس تحریری درخواست جمع کروادی، درخواست کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے تین دن کا دیا گیا وقت بہت کم ہے۔
اسی طرح جمیعت علمائے اسلام [جے یو آئی (ف)] نے بھی الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کے دن بڑھانے کا مطالبہ کردیا، جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کے اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا، سیاسی جماعتوں نے انتخابات کے لیے قومی اور صوبائی سطح پر امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ تقسیم کرنے ہیں چنانچہ کاغذات نامزدگی کی وصولی کے لیے 3 دن کا اضافہ کیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے وقت کو 7 دن سے کم کر کے 4 دن کیا جاسکتا ہے، اسکروٹنی کا وقت کم کرنے سے پولنگ 8 فروری کو کروانا ممکن ہوگا، اس میں مزید کہا گیا ہے کہ جے یو آئی (ف) کو انتخابات کی تاریخ اور دیگر الیکشن شیڈول کے مراحل پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 58 کے تحت الیکشن کمیشن شیڈول کے اندر رد و بدل کرسکتا ہے، کاغذات نامزدگی کے وقت میں اضافہ جے یو آئی (ف) کے لیے بطور سیاسی جماعت باعث اطمینان ہوگا، کاغذات نامزدگی کا وقت بڑھانے سے سیاسی جماعتوں کو بہتر امیدواروں کے چناؤ میں آسانی ہوگی۔
یاد رہے کہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل آج (20 دسمبر) سے شروع ہوگیا ہے۔
امیدوار آج صبح ساڑھے 8 بجے سے شام ساڑھے 4 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کا عمل آج 20 دسمبر سے 22 دسمبر تک جاری رہے گا۔
قومی اسمبلی کی نشست کے امیدوار 30 ہزار اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار 20 ہزار روپے فیس جمع کرائیں گے۔
امیدواروں کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری ہوگی، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 سے 30 دسمبر تک ہوگی۔
3 جنوری 2024 کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلوں کی سماعت ہوگی، الیکشن کمیشن 10 جنوری 2024 کو اپیلوں پر اپیلیٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا اور 11 جنوری 2024 کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائے گی۔
12 جنوری 2024 کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہو گی اور 13 جنوری 2024 کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے جس کے بعد 8 فروری 2024 بروز جمعرات کو عام انتخابات ہوں گے۔