پاکستان

پاکستان کی خطے کے 9 ممالک کیلئے برآمدات میں 16.3 فیصد اضافہ

افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، ایران، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے لیے جولائی تا نومبر کے دوران برآمدات بڑھ کر ایک ارب 85 کروڑ ڈالر تک جا پہنچیں۔
Welcome

پاکستان کی خطے کے 9 ممالک کے لیے برآمدات رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران 16.3 فیصد بڑھ گئیں، جس کی بنیادی وجہ چین کو شپمنٹس میں اضافہ ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملک کی افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، ایران، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے لیے برآمدات مالی سال 2024 میں جولائی تا نومبر کے دوران بڑھ کر ایک ارب 85 کروڑ ڈالر تک جا پہنچیں، جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران ایک ارب 59 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

مالی سال 2023 میں سالانہ بنیادوں پر خطے کے ممالک کے لیے پاکستان کی برآمدات میں 21.1 فیصد کمی ہوئی تھی، جس کے بعد یہ 3 ارب 33 کروڑ ڈالر رہی تھیں۔

پاکستان علاقائی برآمدات کا تقریباً 60 فیصد چین اور باقی 8 ممالک کو کرتا ہے۔

جولائی تا نومبر 2024 کے دوران چین کو برآمدات 39.45 فیصد اضافے کے بعد ایک ارب 22 کروڑ ڈالر ہو گئیں، جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 87 کروڑ 74 لاکھ ڈالر رہی تھیں، مالی سال 2023 میں چین کو پاکستانی برآمدات 27.3 فیصد تنزلی کے ساتھ 2 ارب 2 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

مالی سال 2024 کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران چین سے درآمدات بھی 6 فیصد تنزلی کے بعد 4 ارب 74 کروڑ ڈالر رہ گئی ہیں، جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 5 ارب 4 کروڑ ڈالر رہی تھیں۔

پاکستان کی افغانستان کو برآمدات میں 9.1 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، جو مالی سال 2023 کے ابتدائی 5 ماہ کے 21 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 23 کروڑ 26 لاکھ ڈالر ہو گئیں۔

چند سال پہلے تک پاکستان کے لیے امریکا کے بعد افغانستان دوسری بڑی برآمدی منڈی تھی، ان اعداد و شمار میں زمینی راستے سے بھیجی اشیا کی رقم شامل نہیں۔

پاکستان نے رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ایران کو باضابطہ چینل کے ذریعے کوئی برآمدات نہیں کیں، تہران کے ساتھ زیادہ تر تجارت بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں غیررسمی چینلز کے ذریعے کی جاتی ہے۔

پشاور: اے این پی، پی ٹی آئی کے وکلا آپس میں لڑ پڑے، ایک وکیل زخمی

سندھ دوسرے صوبوں کو گیس دینے کا پابند نہیں، آئین کے مطابق جائز حصہ دیا جائے، نگران وزیراعلیٰ

پنجاب: ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقریب حلف برداری