پاکستان

’لاہور ہائیکورٹ نے یک جنبش قلم انتخابی عمل کو ڈی ریل کیا‘، سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ جاری

ہائی کورٹ نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا، فیصلہ معطل کیا جاتا ہے، آر اوز سے متعلق لاہور ہائی کورٹ مزید کارروائی نہیں کر سکتی، سپریم کورٹ
|

سپریم کورٹ نے بیوروکریسی کے تحت انتخابات کرانے کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی درخواست پر گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔

6 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے، آر اوز سے متعلق لاہور ہائی کورٹ مزید کارروائی نہیں کر سکتی۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ نے یک جنبش قلم انتخابی عمل کو ڈی ریل کردیا، ہائی کورٹ نے اس بات کا بھی ادراک نہیں کیا کہ جن افسران کو تعینات کیا گیا ہے وہ پورے پاکستان میں فرائض انجام دیں گے، ہائی کورٹ نے غیرقانونی حکم کو منظور کرتے ہوئے اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا۔

تحریری حکم نامے میں سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے درخواست گزار بیرسٹر عمیر نیازی کو آرٹیکل 204 اور توہین عدالت آرڈیننس کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی۔

سپریم کورٹ نے عمیر نیازی سے وضاحت طلب کی ہے کہ کیوں نہ اُن کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

الیکشن کمیشن کی درخواست پر سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت، اٹارنی جنرل، صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹسز جاری کردیے اور تمام فریقین کو موسم سرما کی تعطیلات کے بعد طلب کر لیا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ روک دی تھی جس کے سبب انتخابات کے 8 فروری کے انعقاد پر خطرہ منڈلانے لگا تھا، ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست پر سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے گزشتہ روز آر اوز کی تعیناتی منسوخ کرنے کا حکم معطل کردیا تھا۔

عدالت عظمٰی نے انتخابی شیڈول کے اجرا کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک ہفتے کی مہلت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے گزشتہ روز ہی انتخابی شیڈول جاری کرنےکا حکم بھی دے دیا تھا۔

بعدازاں گزشتہ شب ‏الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا تھا جس کے تحت ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو منعقد ہوں گے۔

’انتخابات 8 فروری کو ہوں گے‘، الیکشن 2024 کا انتخابی شیڈول جاری

2023 کی مقبول ترین شخصیات میں وہاج علی ٹاپ 10 میں شامل

آرمی چیف کا دورۂ امریکا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت