دنیا

کینیڈا: ویسٹرن یونیورسٹی میں مسلمان طلبہ پر حملہ، تھوکنے پر ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج

امتیازی سلوک کی بنیادی وجوہات کا مقابلہ کرنے کے لیے بہت کچھ کرنا باقی ہے، مسلم اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں ویسٹرن یونیورسٹی میں مسلمان طلبہ پر مبینہ طور پر تھوکنے پر ایک شخص کے اوپر حملہ کرنے کے دو الزامات عائد کردیے گئے۔

یونیورسٹی کے اسپیشل کانسٹیبل سروس نے دو واقعات کی اطلاع رپورٹ ہونے کے بعد ایک آدمی کو گرفتار کیا، جس پر پہلے ہی یونیورسٹی میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کیا ملزم یونیورسٹی کا طالب علم تھا؟ جسے ابھی عدالت میں پیش کیا جانا ہے۔

ویسٹرن یونیورسٹی کی مسلم اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (ایم ایس اے)کی جانب سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ ہم باربار جرم کا ارتکاب کرنے والے مجرم کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس عمل کے دوران تعاون کے لیے ویسٹرن یونیورسٹی اور کیمپس پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ایسوسی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ یہاں اس بات کوتسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ الگ واقعہ مغرب میں جاری اسلامو فوبیا اور مسلمانوں سے نفرت کے وسیع مسئلے کا مظہر ہے، ہم یہ بات مانتے ہیں کہ امتیازی سلوک کی بنیادی وجوہات کا مقابلہ کرنے کے لیے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

اسی انسٹاگرام پوسٹ میں مسلم اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے اسلاموفوبیا سے متعلق جسمانی حملے اور گاڑی کے ٹائروں کو کاٹے جانے سمیت 9 حادثات بھی درج کیے، جو ان کےدعوے کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران پیش آئے۔

ویسٹرن یونیورسٹی کے آفیشل اسٹوڈنٹ اخبار ’دی گیزیٹ‘ کو ویسٹرن یونیورسٹی کی جانب سے دیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی محفوظ اور خوش آئند ماحول فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے اور ہم یہاں اپنے طلبہ کو سپورٹ کرنے کے لیے موجود ہیں، نفرت اور امتیازی رویے کی ہمارے کیمپس میں کوئی جگہ نہیں اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ویسٹرن یونیورسٹی کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں واقع ہے، جو حال ہی میں نیتھینیئل ویلٹمین کو سزا سنائے جانے کے حوالے سے خبروں میں رہی، جسے اسی شہر میں جون 2021 میں ایک پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کے چار افراد کو اپنے پک اپ ٹرک سے حملہ کرکے قتل کرنے کے لیے مجرم قرار دیا گیا تھا۔

نیتھینیئل ویلٹمین کو آئندہ سال 4 اور 5 جنوری کو سزا سنائی جائے گی۔

کوپ 28 کانفرنس میں فنانسنگ، گرین ہاؤس گیس کے اخراج پربحث

عمران خان کی نااہلی اور پارٹی سربراہی سے ہٹانے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ

اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی کا معیار طے کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل