پاکستان

نگران وزیر اعظم ازبکستان میں اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے

انوارالحق کاکڑ بدھ کو تاشقند روانہ ہوں گے جہاں ای سی او کا سربراہی اجلاس 8 اور 9 نومبر کو ہوگا، دفترخارجہ

دفترخارجہ نے بتایا ہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکرٹ ازبکستان کے شہر تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کل (بدھ) روانہ ہوں گے۔

دفترخارجہ نے بتایا کہ تاشقند میں دو روزہ سربراہی کانفرنس 8 سے 9 نومبر تک جاری رہے گی، جہاں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ای سی او کے وژن 2025 کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اس سربراہی اجلاس میں تجارت، رابطہ کاری، توانائی، سیاحت، معاشی نمو اور پیداواری صلاحیت کے شعبوں میں علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد دہرائے گا۔

دفترخارجہ نے بتایا کہ نگران وزیراعظم تنظیم کے مستقبل کے کام اور علاقائی رابطہ کاری اور باہمی خوش حالی کے فروغ کے لیے پاکستان کا وژن بھی پیش کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ انوارالحق کاکڑ دورے میں ازبکستان اور اجلاس میں شرکت کرنے والے دیگر رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دفترخارجہ نے بیان میں اجاگر کیا کہ پاکستان ای سی او کے بانی ارکان میں شامل ہے اور ای سی او ریجن میں رابطہ کاری اور باہمی خوش حالی کے اہداف کے حصول کے لیے بدستور پرعزم ہے۔

اس سے قبل رواں برس جنوری میں سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تاشقند میں ای سی او کے وزارتی کونسل کے 26 ویں اجلاس میں شرکت کی تھی۔

پاکستان نے فلسطینی مؤقف کے دفاع کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، منیر اکرم

سری لنکا، عدالت نے معطل شدہ کرکٹ بورڈ بحال کردیا

ورلڈ کپ میں میکسویل کی ریکارڈ ڈبل سنچری، افغانستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں ناقابل یقین شکست