پاکستان

آئی ایم ایف مشن کی پاکستان آمد، نگران وزیرخزانہ کی حکومتی اقدامات پر بریفنگ

اجلاس میں آئی ایم ایف وفد کے سربراہ نے اہداف کے حصول کے لیے حکومتی کوششوں اور اقدامات کی تعریف کی، وفاقی وزارت خزانہ

وفاقی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ نگران وفاقی وزیر خزنہ شمشاد اختر نے پاکسان کے دورے پر موجود عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے مشن کو معاشی صورت حال بہتر کرنے کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نگران وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد کا استقبال کیا اور اسٹینڈ بائی انتظامات پر پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر نے وفد کو بتایا کہ حکومت معاشی صورت حال بہتر کرنے کے لیے مالی اقدامات کر رہی ہے۔

وزارت خزانہ نے کہا کہ اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے کیے گئے جامع اقدامات اور گردشی قرضے سے نمٹنے کے لیے حکومت کی حکمت عملی پر بھی بات کی گئی۔

بیان میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر نے پہلی سہ ماہی کے اہداف پورے کرنے کے لیے کیے گئے حکومتی عزم کو سراہا اور حکومتی کوششوں اور چند خراب شعبوں میں کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

انہوں نے ملک کو معاشی استحکام کے لیے اسی راستے پر گامزن رکھنے کے لیے مذکورہ کوششیں مزید جاری رکھنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

وزرات خزانہ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیرخزانہ نے عالمی ادارے کی جانب سے تعاون جاری رکھنے پر ان کی تعریف کی اور معاہدے کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے اور معاشی اہداف کا حصول یقینی بنانے کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں پاکستان میں موجود آئی ایم ایف کے نمائندے ایستھر پیریز روئز، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد، ایف بی آر کے چیئرمین ملک امجد زبیر ٹوانہ، سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین عاکف سعید، سیکریٹری خزانہ، آئی ایم ایف وفد کے دیگر اراکین اور خزانہ ڈویژن کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف کا مشن رواں برس جولائی میں طے پانے والے 3 ارب ڈالر قرض پروگرام کے تحت تعین کیے گئے اہداف کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔

بھارت: حزب اختلاف کے فون ٹیپ کرنے کے الزامات پر تحقیقات

یوٹیوب پر اشتہارات کو بلاک کرکے ویڈیوز دیکھنا ناممکن

کراچی: باپ تسلیم نہ کرنے پر شہری نے اپنے کمسن بیٹے کو قتل کردیا، پولیس