پاکستان

آزادانہ، منصفانہ انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کیلئے تیار ہیں، سکندر سلطان راجا

عام انتخابات کا وقت قریب ہے، سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن یقینی بنانا ہے، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف، آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے لاہور میں وزیراعلیٰ آفس پنجاب کا دورہ کیا جہاں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ان کا خیر مقدم کیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب کابینہ کے وزرا نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جہاں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبوں کے اراکین اور پنجاب کابینہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور حکومت پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں عام انتخابات کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

نگران پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا پرامن، آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کے لیے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے، سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن یقینی بنانا ہے اور عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے نگران حکومت پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہوجائے گا، الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف، آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں حکومت پنجاب کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔

اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات کا آزادانہ انعقاد یقینی بنانے کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب ٹیم عام انتخابات کا منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کا منصفانہ، آزادانہ اور پرامن انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر سندھ نثار احمد درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر خیبرپختونخوا جسٹس (ر) اکرام اللہ خان، ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ، اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر سید آصف حسین، اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ظفر اقبال حسین، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، محکموں کے سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

اسٹیٹ بینک کا شرح سود 22 فیصد برقرار رکھنے کا اعلان

معروف شخصیات کا مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی خودکشی کی خبر پر اظہار افسوس

بھارت: مسافر ٹرینوں میں تصادم، 13 افراد ہلاک