کھیل

ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ کے خلاف میچ جیتنے کیلئے پاکستان کو کیا کرنا ہوگا؟

سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو زندہ رکھنے کے لیے پاکستان کو آج اور اگلے تمام میچز جیتنا ضروری ہوں گے۔
Welcome

کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستانی ٹیم ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہے، فیلڈنگ، بیٹنگ اور خاص طور پر باؤلنگ میں ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو زندہ رکھنے کے لیے پاکستان کو آج اور اگلے تمام میچز جیتنا ضروری ہوں گے، تاہم آج ورلڈ کپ کی سب سے مضبوط اور پوائنٹ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف میچ جیتنے کے لیے پاکستان کو کیا کرنا ہوگا؟

اس حوالے سے مایہ ناز فاسٹ باؤلر اور تجزیہ کار وسیم اکرم اور رمیز راجہ نے کچھ مشورے دیے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان ٹیم میں تبدیلی اور وسیم جونئیر، زمان خان اور سلمان علی آغا کو آج کے میچ میں موقع دینے کے سوال پر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ ’یہ کوئی کلب کرکٹ نہیں ہے جس میں ہر کسی کو موقع دینا ہے۔‘

اے اسپورٹس چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پچ، فٹنس کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کرنا ہوتا ہے، میں سمجھ سکتا ہوں کہ آپ لوگ کرکٹ کو بے حد پسند کرتے ہیں، کوئی کہہ رہا ہے کہ زمان خان کو موقع دیں، کوئی کہہ رہا ہے کہ ابرار احمد کو چانس دینا چاہیے۔‘

وسیم اکرم نے مزید کہا کہ ’اگر آپ کو کرکٹ پسند ہے تو اس کے قانون بھی معلوم ہونے چاہئیں، ابرار احمد، زمان خان اور محمد حارث ٹریولنگ ریزرو میں ہیں، جب کوئی کرکٹر انجری کا شکار ہوگا تب انہیں موقع دیا جائے گا ورنہ یہ لوگ نہیں کھیل سکتے۔‘

اس کے علاوہ سابق کرکٹر اور کرکٹ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کو اب آئندہ آنے والے چاروں میچز اچھے مارجن سے جیتنے ہوں گے، آج جنوبی افریقہ کے میچ کے خلاف قومی ٹیم کی بیٹنگ، فیلڈنگ اور بالخصوص باؤلنگ ٹیسٹ ہوگی، کیونکہ جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے تمام ٹیموں کے باؤلرز کو ٹف ٹائم دیا ہے۔

رمیز راجہ نے مشورہ دیا کہ پاکستانی باؤلرز کو نئی گیند پر وکٹ لینا ہوگی، فیلڈنگ کے ذریعے گیم میں واپس آنے کی کوشش کریں، میدان میں ہر کرکٹر کی پوزیشن ٹھیک جگہ پر ہو، فیلڈنگ میں عقل کا استعمال کرکے رنز روکنے کی کوشش کریں، اسپنرز کو وکٹ لینے کی کوشش کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی قومی ٹیم پر بُرا وقت آتا ہے تو واقعی بہت اچھا کم بیک کرتی ہے، ہوسکتا ہے کہ آج کے دن پاکستان جنوبی افریقہ کو سرپرائز دے، اس کے لیے قومی ٹیم کو بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا، تمام کرکٹرز کو مل کر کوشش کرنی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اگر سنچری اسکور کرتے ہیں تو جیت کے امکانات بڑھ جائیں گے، اگر وہ مثال قائم کرنا چاہتے ہیں تو آج کا میچ ان کے لیے اہم ہے، اپنی بلے بازی کے ذریعے سب کو کرارا جواب دیں۔

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی باڈی لینگویج اور فیلڈنگ بہتر کرنا ہوگی، اس کے علاوہ قومی ٹیم کو سلیکشن کے لحاظ سے کچھ تبدیلیاں کرنا ہوں گی، میرا مشورہ ہے کہ فخر زمان کو مڈل آرڈر میں کھیلنا چاہیے، وسیم جونیئر کو موقع دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے میچ میں پاکستان کے جیتنے کے امکانات 40 فیصد اور جنوبی افریقہ کے 60 فیصد ہیں، لیکن امید پر دنیا قائم ہے، دعا کرتا ہوں کہ میری پیش گوئی غلط ثابت ہو۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کے بقیہ میچز

31 اکتوبر - کولکتہ میں پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش

4 نومبر - بنگلورو میں پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ

11 نومبر - کولکتہ میں پاکستان بمقابلہ انگلینڈ

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے لیے پاکستانی اسکواڈ

بابر اعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، افتخار احمد، محمد رضوان، شاداب خان، محمد نواز، اسامہ میر، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، سعود شکیل، سلمان علی آغا

پاکستان ٹیم کو کمزور نہیں سمجھ سکتے، ان کی بُری فارم کا ہمیں فائدہ ہوگا، جنوبی افریقی کپتان

پاکستانی کھلاڑیوں کو یقین ہے کہ ورلڈ کپ میں معجزہ ہوسکتا ہے، شاداب خان

جب ہم گرنے کے بعد اٹھتے ہیں تو بلندیوں کو چھوتے ہیں، بابراعظم