کھیل

بھارت کی ورلڈ کپ میں لگاتار پانچویں فتح، نیوزی لینڈ کو پہلی شکست

ڈیرل مچل کی سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے 273 رنز بنائے، بھارت نے ویرات کوہلی کے 95رنز کی بدولت 4 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی، شامی نے 5 وکٹیں لیں۔

ورلڈ کپ 2023 میں بھارت نے محمد شامی کی عمدہ باؤلنگ اور ویرات کوہلی کی ایک اور شاندار اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر لگاتار پانچویں فتح حاصل کر لی۔

بھارتی شہر دھرم شالا میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 21ویں میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

باؤلنگ کے لیے سازگار وکٹ پر بھارتی باؤلرز نے ابتدائی اوورز میں نپی تلی باؤلنگ کی اور اس کا صلہ انہیں چوتھے ہی اوور میں اس وقت ملا جب سراج نے ان فارم ڈیون کونوے کو چلتا کردیا۔

اسکور ابھی 19 تک پہنچا ہی تھا کہ روہت شرما باؤلنگ میں پہلی تبدیلی کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے محمد شامی کو لائے اور انہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنی پہلی ہی گیند پر وِل ینگ کو چلتا کردیا۔

19 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد رچن رویندرا کا ساتھ دینے ڈیرل مچل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے شاندار شراکت قائم کی۔

دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 159 رنز جوڑے بالخصوص اب تک خطرناک ثابت ہونے والے کلدیپ یادیو کی زبردست درگت بنائی اور ان کے ابتدائی پانچ اوورز میں 48 رنز بنائے۔

اس شراکت کا خاتمہ بھی محمد شامی نے کیا اور ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنانے والے رویندرا کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ کپتان ٹام لیتھم 5 رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادیو کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے ڈیرل مچل ڈٹے رہے اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کرتے ہوئے گلین فلپس کے ہمراہ اسکور کو 243 تک پہنچا دیا۔

ایک موقع پر ایسا لگتا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 300 سے زائد کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہے گی لیکن اختتامی اوورز میں بھارتی باؤلرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کیوی بلے بازوں کو رنز بنانے سے باز رکھا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 273 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور آخری 8 وکٹیں اسکور میں 100 رنز کا اضافہ بھی نہ کر سکیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ڈھیر کرنے کا سہرا محمد شامی کے سر رہا جنہوں نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔

ڈیرل مچل نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 130 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو صرف 11 اوورز میں 71 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

روہت شرما کو 39 کے انفرادی اسکور پر اس وقت ایک موقع ملا جب مچل سینٹنر کی گیند پر وکٹ کیپر ان کا کیچ نہ تھام سکے لیکن بھارتی کپتان اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور اگلے ہی اوور میں لوکی فرگوسن نے انہیں بولڈ کردیا۔

بھارتی کپتان کی 46 رنز کی اننگز میں 4 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

لوکی فرگوسن نے جلد ہی اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے دوسرے اینڈ سے 26 رنز بنانے والے شبمن گِل کو بھی چلتا کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔

اس مرحلے پر ویرات کوہلی کا ساتھ دینے شریاس ائیر آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، ائیر نے 29 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 33 رنز کی باری کھیلی۔

52 رنز کی اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ٹرینٹ بولٹ نے 33 رنز بنانے والے ائیر کو کونوے کی مدد سے چلتا کردیا۔

دوسرے اینڈ سے کوہلی ڈٹے رہے اور نئے بلے باز لوکیش راہُل کے ہمراہ مزید 54 رنز کی ساجھے داری بنا کر میچ میں اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا لیکن اس مرحلے پر بھارت کو یکے بعد دیگرے دو نقصان پہنچے۔

راہُل نے 27 رنز کی اننگز کھیلی لیکن مچل سینٹنر کی گیند پر وہ ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے جبکہ اگلے ہی اوور میں وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں سوریا کمار یادیو بھی آؤٹ ہو کر چلتے بنے۔

191 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد بھارت کی ٹیم مشکلات میں گھرتی نظر آرہی تھی لیکن ویرات کوہلی نے ایک بار پھر اپنی ٹیم مشکلات سے نکالنے کا بیڑا اٹھایا۔

انہوں نے نئے بلے باز جدیجا کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور بتدریج اسکور کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو میچ کو نیوزی لینڈ کی دسترس سے باہر لے گئے۔

مایہ ناز بلے باز کیریئر کی 49ویں سنچری کی جانب کامیابی سے گامزن تھے اور جدیجا کے ساتھ مل کر 78 رنز کی ساجھے داری بھی بنائی لیکن 95 کے انفرادی اسکور پر نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر میٹ ہنری کو وکٹ دے بیٹھے۔

کوہلی کے آؤٹ ہونے کے ایک گیند بعد بھارت نے ہدف تک رسائی حاصل کرتے ہوئے میچ میں 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

یہ ورلڈ کپ میں بھارت کی لگاتار پانچویں فتح ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر آگئی ہے۔

پانچ وکٹیں لینے والے محمد شامی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

نیوزی لینڈ: ٹام لیتھم (کپتان)، ڈیون کونوے، ول ینگ، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چِیپ مین، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ

بھارت: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، سوریا کمار یادیو، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، رویندرا جدیجا، کلدیپ یادیو، جسپرت بمراہ، محمد شامی، محمد سراج۔

عدالتیں خلاف قانون ریلیف نہیں دے سکتیں، سپریم کورٹ

ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو بدترین شکست، جنوبی افریقہ 229 رنز سے کامیاب

فلموں میں آئٹم نمبرز ہمارے کلچر کا حصہ ہیں، یاسر حسین