پاکستان

انتقام کا جذبہ نہیں، آئین کی روح کے مطابق متحد ہو کر مستقبل کا منصوبہ بنائیں، نواز شریف

آئین پر عملدرآمد کرنے والے ریاستی ادارے، جماعتیں اور ریاست کے ستونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، قائدمسلم لیگ (ن) کا مینار پاکستان میں جلسہ عام سے خطاب
|

قائد مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ انتقام کا جذبہ نہیں رکھتے اور آئین کی روح کے مطابق متحد ہو کر مستقبل کا منصوبہ بنانا ہوگا اور آئین پر عمل درآمد کرنے والے ریاستی اداروں اور جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سالہ جلاوطنی کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی سے براستہ اسلام آباد لاہور ایئرپورٹ پہنچے اور وہاں سے ہیلی کاپٹر میں مینار پاکستان جلسہ گاہ پہنچ گئے جہاں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

نواز شریف کے استقبال کے لیے مینار پاکستان میں پارٹی پرچموں کے ساتھ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، نواز شریف جب اسٹیج پر پہنچے تو قومی ترانہ بجایا گیا اور شہباز شریف نے وزیراعظم نواز شریف کے نعرے لگوائے اور کارکنوں نے بھرپور جواب دیا، جس کے بعد تلاوت کلام پاک اور نعت پڑھا گیا۔

خواجہ سعد رفیق نے تقاریر شروع ہونے سے قبل قرارداد پیش کی کہ فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ فوری طور پر ختم کیا جائے، کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی تسلط ختم کردیا جائے اور کارکنوں نے قرارداد کے حق میں نعرے بلند کیے۔

نواز شریف نے تقریر شروع کرنے سے قبل امن کی علامت فاختہ فضا میں چھوڑی۔

’چھیڑوں فسانہ کہاں سے‘

قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کہاں سے چھیڑوں فسانہ، کہاں تمام کروں، وہ میری طرف دیکھیں تو میں سلام کروں، آپ آج کئی برسوں کے بعد ملاقات ہو رہی ہے لیکن آپ سے میرا پیار کا رشتہ قائم و دائم ہے، اس رشتے میں کوئی فرق نہیں آیا۔

انہو ں نے کہا کہ پیار محبت اور خلوص جو آپ کے چہروں اور آنکھوں میں دیکھ رہا ہوں، مجھے اس پر ناز ہے، یہ میرا اور آپ کا رشتہ کئی دہائیوں سے چل رہا ہے اور نہ آپ نے کبھی دھوکا دیا اور نہ ہی نواز شریف نے دھوکا دیا، جب بھی موقع ملا بڑے خلوص سے دن رات ایک کرکے پاکستان کے عوام کے مسائل حل کیے۔

ان کا کہنا تھا جب بھی موقع ملا قربانی سے دریغ نہیں کیا، جیلوں میں مجھے ڈالا گیا، ملک بدر کیا گیا، جعلی کیسز میرے خلاف، شہباز شریف، مریم نواز اور یہاں بیٹھے سب لوگوں کے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے گئے لیکن کسی نے مسلم لیگ کا جھنڈا ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

’ہم نے پاکستان کی تعمیر کی ہے‘

نواز شریف نے کہا کہ وہ کون ہے جو ہر چند سال بعد نواز شریف کو اپنے پیاروں اور قوم سے جدا کرتا ہے، ہم تو پاکستان کی تعمیر کرنے والوں میں ہیں، ہم نے پاکستان کے لیے ایٹم بم بنایا، ہم نے اللہ کے فضل سے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کی، لوڈشیڈنگ شروع نہیں کی، 2013 میں لوڈ شیڈنگ عروج پر تھی، 18، 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، یہ ایک عذاب تھا اور ہم نے اس کو ختم کیا، بجلی نواز شریف نے مہنگی نہیں کی، نواز شریف نے بجلی بنائی اور سستے داموں عوام تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ میں بل ساتھ لے کر آیا ہوں اور بتانا چاہتا ہوں، آپ بھی مجھ سے محبت کرتے ہیں اور میں بھی آپ سے اتنی محبت کرتا ہوں، آج آپ اس محبت کو دیکھ کر میں اپنے سارے دکھ درد بھی بھول گیا، میں یاد بھی نہیں کرنا چاہتا لیکن کچھ دکھ درد ایسے ہوتے ہیں جو انسان بھلا تو نہیں سکتا لیکن ایک طرف رکھ سکتا ہے۔

’آج گھر میں میرا استقبال کرنے کے لیے میری والدہ اور کلثوم نہیں‘

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کچھ دکھ درد اور زخم ایسے ہوتے ہیں جس سے انسان کچھ وقت کے لیے فراموش کرسکتا ہے لیکن وہ دکھ اور درد بھر نہیں سکتے، یہ زندگی کا کاروبار اور مال چلا جاتا ہے تو پھر آجاتا لیکن جو لوگ اپنے پیارے جدا ہوجاتے وہ دوبارہ کبھی نہیں ملتے اور وہ واپس نہیں آتے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج سوچ رہا تھا کہ میں جب بھی کبھی باہر سے آتا تھا تو میری والدہ اور میری بیوی کلثوم گھر کے دروازے میں استقبال کے لیے کھڑی ہوتی تھیں لیکن آج میں جاؤں گا تو وہ دونوں نہیں ہیں، وہ میری سیاست کے نذر ہوگئے، سیاست میں ان کو کھو دیا، وہ مجھے دوبارہ نہیں ملیں گی، یہ بہت بڑا زخم ہے کو کبھی بھرے گا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے والد فوت ہوگئے، ان کو میں قبر میں نہ اتار سکا، میری والدہ کا انتقال ہوا اور میں ان کو قبر میں نہیں اتار سکا، میری اہلیہ کلثوم کا انتقال ہوا تو میں جیل میں تھا۔

نواز شریف نے کہا کہ میں نے جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی منتیں سماجتیں کرتا رہا کہ میں عدالت سے آرہا ہوں وہاں مجھے کسی نے بات کرنے نہیں دی لیکن یہ بتایا گیا ہے کہ وہ دوبارہ آئی سی یو میں گئی ہیں لندن میں میرے بیٹے بات کرادو لیکن اس نے نہیں کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ سپرنٹنڈنٹ سے کہا کہ تمہاری میز پر دو فون پڑے ہیں میری بات کرادیں تو اس نے کہا کہ ہمیں اجازت نہیں ہے، میں نے کہا کہ تمہیں اس کے لیے کس سے اجازت درکا ہے تو اس نے کہا کہ ہم نہیں کراسکتے اور وہاں سے اٹھ کر دوبارہ اپنے سیل میں گیا جہاں چارپائی مشکل سے وہاں آتی تھی اور ایک کرسی تھی جہاں میں کبھی بیٹھتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی گھنٹوں کے بعد اس کا نمبر ٹو بندہ میرے پاس آتا ہے اور کہتا ہے کہ آپ کے لیے بہت بری خبر ہے، آپ کی بیوی کلثوم اللہ کو پیاری ہوگئیں، بات نہیں کرائی اور ڈھائی گھنٹے کے بعد کہتا ہے کہ بری خبر ہے اور کہتا ہے ہم مریم کی طرف جار ہے ہیں اس کو اطلاع کے لیے لیکن میں نے کہا کہ ہر گز مت جانا اس کے پاس، اس کے پاس یہاں میرے پاس لاؤ یا میں خود اس کے پاس جاؤں گا، ان کا سیل کچھ فاصلے پر تھا لیکن ہمیں ملنے کی اجازت نہیں ہوتی تھی اور ایک ہفتے میں ایک گھنٹے کی ملاقات کی اجازت ہوتی تھی۔

نواز شریف نے کہا کہ میں نے مریم نواز تو بتایا تو وہ بے ہوش ہوگئیں اور رونا شروع کیا، ان کے اوپر اس وقت کیا گزری ہوگی، کیا سوچا ہوگا کہ یہ ہمارا اپنا ملک ہے، میں بھی اسی وطن کی مٹی سے پیدا ہوا ہوں، سچا پاکستانی ہوں۔

’کلنٹن نے 5 ارب ڈالر کی پیش کش کی‘

ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کلنٹن ہمیں زور دار طریقے سے کہہ رہا تھا کہ آپ ایٹمی دھماکے نہیں کریں، دنیا کے لیڈرز کے روز فون آتے تھے آپ دھماکا نہیں کرنا، بھارت نے کر دیا لیکن آپ نے نہیں کرنا اور پھر کہنے لگے ہم پاکستان کو 5 ارب ڈالر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کا نام نہیں لینا چاہتا کیونکہ میں وہ فرق ملحوظ خاطر رکھنا چاہتا ہوں جو میری تربیت مجھے سکھاتی ہے، میں ایسے ماحول میں نہیں پلا کہ گندے معاملات میں اینٹ کا جواب پتھر سے دوں، میں ایسا نہیں کرتا۔

نواز شریف نے کہا کہ کلنٹن نے مجھے 5 ارب کی پیش کش کی، یہ ریکارڈ کی بات ہے، شاید ہماری وزارت خارجہ میں اس کا ریکارڈ موجود ہوگا، نکال کر دیکھیں کہ اس نے مجھے پیش کش کی تھی یا نہیں، 1999 کی بات ہے آج 24 سال ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت کے لوگ ایک،ایک ارب کی بھیک مانگتے تھے لیکن اس وقت 5 ارب ڈالر کی پیش کش ہوئی تھی، مجھے کہہ رہا تھا ہم پاکستان کو دینا چاہتے ہیں، شاید اگر میں خود لینے والا ہوتا تو ایک دو ارب مجھے مل جاتے اور کہتا کہ دھماکے نہ کرو لیکن میں پاکستان کی مٹی میں پیدا ہوا ہوں جو مجھے اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ میں اس کی وہ بات مانوں جو پاکستان کے مفاد کے خلاف ہو۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا طاقت ور ترین صدر مجھے کہہ رہا ہے کہ دھماکے نہ کرنا، ہم نے دھماکے کیے اور بھارت کا جواب ٹھیک ٹھاک طریقے سے دیا، میری جگہ کوئی اور ہوتا تو وہ امریکا کے صدر کے آگے بول سکتا تھا، تو کیا ہمیں اسی بات کی سزا ملتی ہے، کیا اسی بات کے لیے ہماری حکومتیں توڑ دی جاتی ہیں، ہمارے خلاف فیصلے سنائے جاتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرے زمانے میں روٹی 4 روپے کی تھی آج کتنے روپے کی ہے، آج یہاں پورے پاکستان سے لوگ آئے ہوئے ہیں، کوئی کوئٹہ، کوئی چاغی، کوئی سندھ، کوئی خیبرپختونخوا، کوئی پنجاب کے دور دراز علاقے سے آیا ہے اور کوئی گلگت بلتستان سے آیا ہے، کوئی آزاد کشمیر سے آیا ہے، آزاد کشمیر کے جھنڈے بھی نظر آر ہےہیں اور میں آپ سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔

نواز شریف نے کارکنوں سے پوچھا کہ آپ کے علاقے میں روٹی کتنے روپے کی ملتی ہے کیا 20 روپے کی ملتی ہے، میرے زمانے میں 4 روپے کی تھی، اس لیے مجھے نکالا، اس لیے میری چھٹی کرائی، اس لیے کہ نواز شریف نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی لہٰذا فارغ، وزارت عظمیٰ سے چھٹی، کیا آپ اس فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک آج بربادیوں کی حدوں کو چھو رہا ہے لیکن یہ ملک واپس آئے گا اور ہم واپس لائیں گے۔

انہوں نے عوام سے پوچھا کہ پیٹرول کتنے کا ملتا ہے اور کہا کہ میرے دور میں پیٹرول 60 روپے کا ملتا تھا تو بتاؤ پھر اسی لیے نواز شریف کو نکالا، ڈالر میرے زمانے میں 104 روپے تھا اور آج 250 سے بھی اوپر ہے، اسی لیے پاکستان کے اندر مہنگائی کا طوفان ہے۔

’1991 کے منصوبے جاری رہتے تو ترقی ہوتی‘

قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نواز شریف کو اس لیے نکالا تھا کہ ڈالر کو ہلنے نہیں دیا، روپے ڈالر کے سامنے کھڑا تھا لیکن پتا نہیں ہم اتنے ناشکرے کیوں ہیں، ایک ملک ترقی کی راہ پر چل رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 1991 میں پہلی دفعہ وزیراعظم بنا تھا اور اس وقت جو منصوبے شروع کیے تھے وہ رجحان برقرار رہتا تو آج اتنے سارے لوگ بے روزگار نہیں ہوتے، غریب اپنے بچوں کا پیٹ بھی پال سکتا تھا لیکن آج تو سوچنا پڑتا ہے کہ بجلی کا بل دیا جائے یا بچوں کا پیٹ پالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ شہباز شریف کے زمانے کا نہیں ہے، یہ اس سے پہلے شروع ہوگیا، ڈالر قابو میں نہیں آرہا تھا، بجلی کے بل مہنگے ہو رہے تھے، روٹی، گھی، پیٹرول مہنگا ہو رہا تھا اور پھر پاکستان کے اندر ڈالر اور چینی مہنگی ہوتی جارہی تھی، میں 50 روپے کلو چینی چھوڑ کر گیا تھا اور کہاں 50 اور کہاں ڈھائی سو کلو، نواز شریف کو اسی لیے نکالا تھا، پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جی20 میں جا رہے تھے آج کئی ملک جی20 میں شامل ہو رہے ہیں، ہمیں ان کا مقابلہ کرنا ہے بلکہ ان سے بھی آگے جانا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ 6 سال بعد اپنے جلسے سے خطاب کر رہا ہوں، میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ بجلی کا بل تلاش کرکے لایا ہوں، یہ نصراللہ خان کا بل ہے، جب مئی 2016 میں نواز شریف وزیراعظم تھا، دھرنے ہو رہے تھے، معلوم ہے نا دھرنے کون کروا رہا تھا، ہم نے دھرنوں کے باوجودآپ کے گھروں میں بجلی پہنچائی تھی، دھرنوں کے باوجود موٹرویز بنائی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت سے اسکردو موٹروے نواز شریف نے بنائی تھی، چترال کی لواری ٹنل، گوادر سے کوئٹہ، پشاور سے اسلام آباد موٹر وے، اسلام آباد سے لاہور موٹروے، لاہور سے ملتان، ملتان سے رحیم یار خان اور وہاں سکھر موٹروے بھی ہم نے بنائی تھی، حیدر آباد سے کراچی موٹروے بھی ہم نے بنائی۔

انہوں نے کہا کہ نصراللہ خان کا مئی 2016 میں بجلی کا بل ایک ہزار 317 روپے اور پھر اسی بندے کا بل اگست 2022 میں 15 ہزار 687 روپے ہے، تو بجلی مہنگی شہباز شریف نے نہیں کی بلکہ اس زمانے سے مہنگی ہوئی جب آپ نے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے نکالا تھا۔

سابق وزیراعظم نے ایک اور بل کا ذکر کیا اور کہا کہ سعید اختر ایک غریب آدمی ہے اور ان کا بل مارچ 2017 میں جب نواز شریف وزیراعظم تھا تو 760 روپے تھا جبکہ اگست 2022 میں 8 ہزار 220 بل آتا ہے تو کیا یہ شہباز شریف نے کیا تھا، میں شہباز شریف کی صفائی بیان نہیں کر رہا بلکہ حقائق بیان کر رہا ہوں۔

’زخم اتنے لگے ہیں لیکن انتقام کی کوئی تمنا نہیں‘

ان کا کہنا تھا کہ زخم اتنے لگے ہیں کہ بھرتے بھرتے وقت لگے گا لیکن میرے دل کے اندر کوئی انتقام کی تمنا نہیں ہے، نواز شریف کے دل میں بدلے کی کوئی تمنا نہیں، بس ایک ہی تمنا ہے کہ میری قوم کے لوگ خوش حال ہوجائیں، ان کے گھروں میں خوشیاں اور خوش حالی آئے، ان کے گھروں میں روشنی کے چراغ جلیں، روزگار ملے، باعزت پاکستانی بننے کا موقع ملے، غربت، بے روزگاری اور بیماری نہ ہو اور جہالت نہ ہو یہی نواز شریف چاہتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ میرے دل کے اندر کبھی بھی انتقام کا کوئی جذبہ نہ لے کر آنا، میں اس قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، میں نے پہلے بھی خدمت کی ہے، اللہ مسلم لیگ کو اور بھی توفیق دے کہ خدمت کا سلسلہ جاری رکھے۔

’ہمیں نہ چھیڑ۔۔۔ بیٹھے ہیں ہم تہیہ طوفاں کیے ہوئے‘

غالب کا شعر پڑھا کہ غالب ہمیں نہ چھیڑ کہ پھر جوش اشک سے، بیٹھے ہیں ہم تہیہ طوفاں کیے ہوئے، ہمیں نہ چھیڑوں، ہمارے زخموں کو نہ چھیڑوں ورنہ ہمارے اتنے آنسو آئیں گے کہ طوفان آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آنسو کیوں نہیں آئیں گے، مریم نواز یہاں سامنے بیٹھی ہیں، ان سے پوچھیں کہ وہ اذیت کا لمحہ کوئی کیسے بھلا سکتا ہے کہ جب مریم کو قیدی باپ کے سامنے گرفتار کرکے لے جایا جا رہا تھا، نیب والے میرے آنکھوں کے سامنے قید کرنا چاہتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز میری پاس آئی اور کہا کہ یہ مجھے گرفتار کرنا چاہتے ہیں، کیا کروں تو میں نے کہا کہ ایک قیدی کیا کرسکتا ہے، قید کرنا چاہتے ہیں تو کرلیں، ان کی چھوٹی بیٹی موجود تھی اور اپنی ماں کو گرفتار ہوتے ہوئے دیکھ رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں بھی اس مٹی کا بیٹا ہوں اور مریم بھی اس مٹی کی بیٹی ہے، پھر تنا ظلم، شہباز شریف کو بھی جیل میں بھی بند کردیا، بیٹوں کو بھی بند کیا، رانا ثنااللہ کو بند نہیں کیا بلکہ سزائے موت دینے کے چکر میں تھے، حنیف عباسی کو بند نہیں کیا بلکہ سزائے موت دینے کے چکر میں تھے، اور لوگوں کو خواجہ سعد رفیق کو دو سال جیل میں بند رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے 1990 سے لے کر آج تک 33 سال میں 15 سال یا تو ملک سے باہر یا جیل میں یا مقدمے بھگتا آرہا ہوں، اگر یہ 23 سال میں نے پاکستان کو دیا ہوتا تو یہ ملک جنت بنتا، ہم ملک پھر جنت بنائیں گے۔

’ہمارا بیانیہ اورنج لائن، چاغی کے ایٹمی دھماکوں سے پوچھو‘

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ ہمارے ملک میں ایک دور گزرا ہے، اس دور کا کوئی ایک کارنامہ یا کوئی ایک منصوبہ بتاؤ جو انہوں نے بنایا تھا۔

نواز شریف نے کہا کہ ہم سے پوچھتے ہیں کہ ہمارا بیانیہ کیا ہے، ہمارا بیانیہ پوچھنا ہے تو پھر اورنج لائن سے پوچھو جو شہباز شریف نے بنائی، کراچی کی گرین لائن سے پوچھو، میٹرو بس سے پوچھو، ایک شہر نہیں کئی شہروں، پشاور، اسلام آباد موٹروے، چاغی کے ایٹمی دھماکوں سے پوچھو، روٹی کی قیمت، ڈالر کے ریٹ، غریب کے بجلی کے بلوں سے پوچھو۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا بیانیہ پوچھان ہے تو پھر اخلاقیات سے پوچھو، آپ کو پتا ہے کہ ہمارے اخلاقیات اور ان کے اخلاقیات میں کتنا فرق تھا، ہم وہ نہیں ہیں جو کسی کی پگڑی اچھالیں، یہ پگرٹی اچھالنا ان کا کام تھا ہمارا نہیں ہے۔

’ریاستی ادارے، جماعتیں اور ریاست کے ستونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا‘

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے عوام کو درپیش مسائل ہیں اس کے تحت کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، پاکستان کے عوام کو درپیش مسائل ہیں ان کے اسباب پر غور کریں اور آئین کی روح کے مطابق متحد ہو کر مستقبل کا منصوبہ بنائیں۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمارے آئین پر عمل درآمد کرنے والے ریاستی ادارے، جماعتیں اور ریاست کے ستونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں مقام حاصل کرنا چاہتے ہو تو سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، اس کا واحد حہل یہی ہے، میں پچھلے 40 سال کا نچوڑ بتا رہا ہوں، اس کے بغیر یہ ملک آگے نہیں بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئین پر عمل درآمد کرنے کے لیے سب کو اکٹھا ہونا پڑے گا، وہ بنیادی مرض دور کرنا پڑے گا، جس کی وجہ سے ملک بار بار حادثے کا شکار ہوتا ہے، ہمیں ایک نئے سفر کا آغاز کرنے کی ضرورت ہے۔

’ہمیں ایک نئے سفر کا آغاز کرنا ہوگا‘

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آپ دور دور سے آئے ہیں، میرے ساتھ طے کریں کہ ہم ایک نئے سفر کا آغاز کریں گے، پوے جوش و خروش سے کریں گے، 4 سال کے بعد میرا جوش و خروش ٹھنڈا نہیں پڑا، میرا جذبہ ماند نہیں پڑا، میرا جذبہ آج بھی اتنا جوان ہے جتنا آپ کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا، کہ کس طرح ہم نے کھویا ہوا مقام حاصل کرنا ہے، ہمیں ڈبل اسپیڈ کے ساتھ دوڑنا پڑے گا، کسی طرح سے ہمیں ہاتھوں میں پکڑا ہوا کشکول توڑنا ہوگا، ہمیشہ کے لیے توڑنا ہوگا، اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا، قومی غیرت اور قومی وقار کو بلند کرنا ہوگا، پاکستان کے اندر بے روزگار، غربت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

’باوقار فعال خارجہ پالیسی بنانی ہوگی‘

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک باوقار اور فعال خارجہ پالیسی بنانی ہوگی، اپنے ہمسائیوں اور دنیا کے ساتھ اپنے تعلقات استوار کرنے پڑیں گے، ہم اپنے ہمسائیوں کے ساتھ لڑائی کرکے دنیا کے ساتھ اچھا تعلق سے ترقی نہیں کرسکتے، ہمیں سب کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے ہوں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ کشمیرکے حل کے لیے باوقار تدبیر کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، اگر مشرقی پاکستان مغربی پاکستان سے الگ نہ ہوتا تو آج مشرقی اور مغربی پاکستان کے درمیان معاشی راہداری بن گئی ہوتی، جس کو بھارت بھی راہ دیتا اور پاکستان مل کر ترقی کرتا، لیکن ہم نے کہا کہ یہ کون لوگ ہیں مشرقی پاکستان کے رہنے والے، یہ تو پٹ سن اگاتے ہیں، یہ تو بوجھ ہیں اور اس بوجھ کو اتار کر زمین پر دے مارا، دیکھ لیں آج وہی مشرقی پاکستان ترقی میں ہم سے آگے نکل گیا ہے اور ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمیں منظور نہیں ہے، یہ مسلم لیگ (ن)، نواز شریف، نواز شریف کے حامیوں اور ووٹرز اور یہ پاکستانی قوم کو منظور نہیں ہے، ہمیں اس صورت حال سے باہر نکلنا ہے اور کس طرح اپنے معاملات کو ٹھیک طرح چلانا ہے، میرا دل زخموں سے چور ضرور ہے ، دل درد سے بھرا ضرور ہے لیکن آپ کے ساتھ مل کر دعا کر رہا ہوں کہ اے میرے رب میرے دل میں رتی برابر بھی بدلے یا انتقام کی خواہش نہیں ہے بس تو اس قوم کی تقدیر بدل دے۔

سابق وزیراعظم نے کارکنوں سے کہا کہ میرے ساتھ مل کر دعا کرنی ہے اور میری عمر کے اس حصے میں میری آرزو ہے کہ میں ایک بدلا ہوا پاکستان دیکھوں، میں آج یہاں آپ کو جگانے آیا ہوں، آگے بڑھو اور پاکستان کو سنبھالوں اور آئندہ کسی کو اجازت نہیں دینا کہ آپ کے ملک کے ساتھ کھلواڑ اور یہ سلوک کرسکے۔

’فلسطین پر ہونے والے ظلم کی مذمت کرتے ہیں‘

انہوں نے کہا کہ میں نے بڑے ضبط اور صبر سے کام لیا ہے، کوئی ایسی بات نہیں کی جو کہ میں سمجھتا ہوں کہ مجھے نہیں کرنی چاہیے، دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ سے فلسطین کی مدد کریں، ہم سب مل کر فلسطین کی مدد کریں، ان کو ظلم سے بچائیں، ان پر جو ظلم کا سلسلہ جاری ہے وہ انسانیت کے خلاف ظلم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس ظلم کو ہر طرح سے مذمت کرتے ہیں، ہر طرح سے رد کرتے ہیں، دنیا سے اپیل کرتے ہیں کہ انصاف سے کام لو اور فلسطین کا باعزت حل نکالو اور ان کا حق ان کو دیا جائے، وہ بھی چین اور سکون سے زندگی گزار سکیں، ان کو حق سے محروم کرنا اور اس کا حق کسی اور کو دینا ہم کبھی قبول نہیں کریں گے، پاکستان اور پاکستان کے عوام کبھی اس کو قبول نہیں کریں گے۔

’گالی کا جواب گالی سے نہیں دینا‘

نواز شریف نے کہا کہ میں نے سوچا کہ گالی کا جواب گالی سے نہیں دینا، آپ سے بھی کہوں گا کہ آپ بھی گالی کا جواب گالی سے نہیں دینا، اپنے نوجوانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ ملت کے مقدر کا ستارا ہیں، اپنی زندگیاں منفی کاموں میں گزارنے کے لیے آپ نہیں ہیں، راستا کٹھن ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دوبارہ تعمیر کریں گے، مل کر بجلی کا ریٹ کم کریں گے، ڈالر سستا کریں گے، مہنگائی کم کریں گے، بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے، موٹر ویز تعمیر کریں گے تو پھر ستے خیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا یہی ہوگا کہ ہم نے یہ سارے کام کرنے ہیں، اپنے اخراجات میں کمی کرنی ہے، اپنے قومی ملکیت کے اداروں کا انتظام بہتر طریقے سے کرنا ہے، برآمدات بڑھانا ہے، زراعت میں انقلابی اصلاحات کرنی ہیں، پاکستان کو آئی ٹی پاور بنانا ہے، ان شااللہ۔

قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ انصاف کے نظام میں اصلاحات لے کر آنی ہیں، خواتین اور نوجوانوں کے لیے خصوصی اقدامات کریں گے، شہباز شریف یہ گفتگو سن رہے ہیں، ان کو بھی کہہ رہا ہوں اور پارٹی کے سارے رہنماؤں کو عوام کو پیغام دے رہا ہوں کہ شہباز شریف نے جو وعدہ کیا وہ کرکے دکھایا ہے۔

نواز شریف نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ہمارے حال پر رحم فرما، ملک اور قوم کو مصیبتوں سے نجات عطا فرما، ہمارے گھروں میں خوش حالی کے اسباب پیدا کر، ہمارے بچوں کو باعزت روزگار عطا فرما، ہمیں مہنگائی سے نجات عطا فرما، ہمارے بچوں کو پڑھنے لکھنے توفیق عطا فرما، ہمارے بچوں کو پڑھ لکھ کر اچھے اور نیک شہری بننے کی توفیق عطا فرما۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں اتنی صلاحیت ہے کہ باہر کے لوگ یہاں آکر کام کریں تو ببھی بے روزگاری نہیں ہوگی، روزگار اتنی پیدا کرسکتے ہیں کہ یہاں کسی چیز کی کمی نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرے پاس بھی تسبیح ہے، لیکن میں تسبیح اس وقت پھیرتا ہوں، جب کوئی نہیں دیکھ رہا ہوں، بغل میں چھری منہ میں رام رام مجھے نہیں آتا اور آپ بھی یہی کیا کرو۔

مینار پاکستان میں اتنا بڑا جلسہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد نواز شریف کا استقبال کرنے آئی ہے، مینار پاکستان میں تاریخ میں پہلے کبھی اتنا بڑا جلسہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہر بار قوم کی تقدیر بدلی ہے، نواز شریف نے جیلیں کاٹیں، جلاوطنی برداشت کی لیکن صبر کا دامن ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 9 مئی جیسے واقعات تو دور کی بات ہے کبھی ایک گملا بھی نہیں توڑا۔

اس سے قبل نواز شریف اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد خصوصی پرواز میں لاہور کی طرف روانہ ہوئے، لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی اور پارٹی قائد کا استقبال کیا۔

نواز شریف خصوصی طیارے سے لاہور پہنچنے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے مینار پاکستان میں جلسہ گاہ روانہ ہوئے۔

نواز شریف کا ہیلی کاپٹر مینار پاکستان کے قریب لینڈ کرگیا جہاں انہوں نے شہباز شریف اور دیگر کے ساتھ نماز مغرب ادا کی۔

نواز شریف کی گاڑی حمزہ شہباز نے ڈرائیو کی جلسہ گاہ پہنچایا، ان کے ساتھ شہباز شریف، اسحٰق ڈار اور دیگر رہنما بھی تھے۔

اسٹیج پر پہنچنے کے بعد نواز شریف نے وہاں موجود رہنماؤں سے گلے ملے اور اس موقع پر مریم نواز بھی جذباتی انداز میں ان سے گلے ملیں اور اپنے والد کے پیر چھوا۔

مینار پاکستان میں مریم نواز، خواجہ آصف، حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، احسن اقبال، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب اور دیگر رہنما موجود ہیں۔

مینار پاکستان کے احاطے میں جب نواز شریف کا ہیلی کاپٹر لینڈ کرگیا تو مریم نواز جذباتی ہوئیں اور ان کے ساتھ کھڑی پارٹی کی ترجمان مریم اورنگزیب کو بھی جذباتی انداز میں دیکھا جاسکتا ہے۔

مریم نواز نے کارکنوں کے ساتھ نعرے بھی لگائے اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ مینار پاکستان میں جمع ہوئے ہیں، آج میں تقریر نہیں کروں گی بلکہ آج صرف نواز شریف تقریر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی تھی کہ مینار پاکستان جلسے کے لیے بڑی جگہ ہے لیکن مجھے پتا نہیں تھا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے لیے چھوٹی جگہ ہوگی اور کارکنوں پر زور دیا کہ جب نواز شریف مینار پاکستان پہنچیں گے تو ان کا تاریخی استقبال کریں۔

مریم نواز نے چاروں صوبوں میں پارٹی کے رہنماؤں اور صوبائی صدور کا نام لے کر ان کا شکریہ ادا کیا اور جب اسٹیج پر حمزہ شہباز پہنچے تو انہوں نے کہا کہ کہتے تھے (ن) سے (ش) نکنے گی دیکھیں آج ن اور ش ایک ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو مٹانے والے کتنے آئے کتنے چلے گئے، جس کو کہتے تھے اس کی سیاست ختم ہوگئی ہے وہ آج پوری آن بان شان کے ساتھ واپس آرہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے ریلیاں آج لاہور پہنچی ہیں۔

پولیس افسر علی ناصر رضوی نے کہا کہ ریلی کے مقام کی سیکیورٹی کے لیے بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

نواز شریف کی اسلام آباد آمد

نواز شریف 4 برس بعد آج پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں، پارٹی نے عندیہ دیا تھا کہ نواز شریف آج دوپہر ساڑھے 12 بجے پاکستان پہنچ جائیں گے، تاہم اُن کا طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر دوپہر کو تقریباً ڈیڑھ بجے لینڈ کیا۔

نواز شریف کی قانونی ٹیم بشمول سابق وزیر قانون سینیٹر اعظم تارڑ اور پارٹی رہنماؤں نے اسلام آباد میں ان کا استقبال کیا۔

دریں اثنا نواز شریف کی امیگریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا، اُن کے پاسپورٹ پر پاکستان داخلے کی مہر لگا دی گئی۔

نواز شریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کردیے، اُن کی قانونی ٹیم نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست تیار کی تھی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) اسحٰق ڈار نے تصدیق کی کہ نواز شریف کے امیگریشن کے حوالے سے قانونی تقاضے مکمل کرلیے گئے ہیں۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ بائیو میٹرک سرٹیفیکیٹ بھی لے لیا گیا، قانونی دستاویزات پر دستخط لیے گئے، تصدیقی کارروائی بھی مکمل کرلی گئی۔

قبل ازیں اعظم نذیر تارڑ نے بتایا تھا کہ نواز شریف کی آمد پر سیاسی اور قانونی امور پر مشاورت کی جائے گی، نواز شریف لینڈنگ کے بعد وی آئی پی لاؤنج میں جائیں گے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ عدالتی عملہ بھی ایئرپورٹ پہنچ گیا اور اب حفاظتی ضمانت کا قانونی عمل مکمل ہو جائے گا۔

سابق ڈپٹی میئر ذیشان نقوی قانونی دستاویزات پر دستخط کے لیے اوتھ کمشنر کے ہمراہ ایئرپورٹ پر موجود تھے، نواز شریف کی قانونی ٹیم ان کی بائیو میٹرک تصدیق اور دستخط لیے۔

9 مئی والے نہیں، 28 مئی والے ہیں، نواز شریف کی دبئی میں میڈیا سے گفتگو

روانگی سے قبل دبئی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جب پاکستان سے جارہا تھا تو خوشی نہیں تھی، بہت اچھا ہوتا اگر 2017 کے مقابلے میں آج حالات بہتر ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ دکھ کی بات ہے کہ ملک آگے جانے کی بجائے پیچھے چلا گیا، ہمیں اپنے پاؤں پر خود کھڑا ہونا ہے، کوئی ہمیں اٹھا کر کھڑا نہیں کرے گا، حالات ہم نے بگاڑے بھی خود ہیں، درست بھی ہم ہی کریں گے، ہم اس قابل ہیں کہ ملک کے حالات درست کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان یاد کرکے تکلیف ہوتی ہے جو آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ چکا تھا، بجلی وافر تھی، روپیہ مستحکم تھا، لوگوں کو روزگار مل رہا تھا، روٹی سستی تھی، علاج کی سہولتیں میسر تھیں، کیا آج وہ پاکستان نظر آتا ہے؟

سابق وزیراعظم نواز شریف نے سوال کیا کہ ہم یہاں تک کیوں پہنچے؟ یہ نوبت کیوں آئی؟ ہمارا شمار تو آج دنیا کی بلند ترین قوموں میں ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ 4 برس بعد پاکستان جانے پر خوشی ہے، الیکشن کے لیے بالکل تیار ہیں، مگر ابھی حلقہ بندیاں ہونی ہیں، مردم شماری کے بعد ایک پراسس ہوتا ہے، اس میں وقت لگتا ہے سب الیکشن کمیشن کی نظر میں ہے، وہ بہتر فیصلہ کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے انعقاد کا بہتر فیصلہ الیکشن کمیشن ہی کر سکتا ہے، اس طرح کے فیصلوں کے لیے مجاز ادارہ الیکشن کمیشن ہی ہے، انتخابات کے لیے میری ترجیح وہی ہے، جو الیکشن کمیشن اعلان کرے گا۔

نواز شریف نے کہا کہ میں وہ شخص ہوں جس نے ڈیڑھ، ڈیڑھ سو پیشیاں بھگتی ہیں، نہ صرف میں بلکہ میری بیٹی نے بھی پیشیاں بھگتیں، بالآخر میری بیٹی کو کلین چٹ مل گئی تھی اور وہ ملنی ہی تھی کیونکہ جب ہماری حکومت تھی تو وہ کسی بھی عہدے پر فائز نہیں رہی تھیں، نہ وہ کوئی وزیر مشیر تھیں، انہیں ایسے ہی دھر لیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور ہمارے خاندان سے باہر کے لوگوں پر بھی کیا کچھ بیتی، میں رانا ثنا اللہ اور حنیف عباسی کی مثال دیتا ہوں، کیا ان کے خلاف کیسز جائز تھے؟

نواز شریف سے سوال کیا گیا کہ جن لوگوں نے آپ کے ساتھ زیادتی کی ہے کیا انہیں آپ نے معاف کردیا؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے میں کسی حد تک بلکہ کافی حد تک سرخرو ہو کر جا رہا ہوں، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ سب کچھ اللہ پر چھوڑتا ہوں۔

9 مئی واقعات کے حوالے سے سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ ہم 9 مئی والے نہیں 28 مئی والے ہیں۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق دبئی میں روانگی سے قبل نواز شریف کا طیارہ تاخیر کا شکار ہوا تھا، فلائٹ میں 172 لوگوں کی بکنگ کی گئی تھی، 10 لوگ ایسے تھے جن کی اوور بکنگ ہوگئی تھی جس کی وجہ سے نظم و ضبط کا مسئلہ آیا اور فلائٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔

نواز شریف کی جاتی امرا جانے کی خبر درست نہیں، اسحٰق ڈار

دریں اثنا رہنما مسلم لیگ (ن) اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جاتی امرا جانے کی خبر درست نہیں ہے۔

انہوں نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ایک میڈیا چینل پر یہ خبر چل رہی ہے کہ میاں نواز شریف پہلے جاتی امرا جائیں گے اور بعد میں شام 7 بجے مینار پاکستانی جائیں گے، یہ خبر سچ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میاں صاحب جلسے سے خطاب کے لیے پروگرام کے مطابق آج شام 5 بجے مینارِ پاکستان پہنچیں گے، انشا اللہ!

’جی آیا نوں‘، شہباز شریف کا نواز شریف کو پیغام

نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو پنجابی میں خوش آمدید کہا۔

شہباز شریف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ’نواز شریف، جی آیا نوں‘ لکھا۔

نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے بھی اپنے والد کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہا۔

انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے، میں اللّہ رب العزت کی شکر گزار ہوں، جتنے دکھ اور تکالیف نواز شریف نے پچھلے 24 برسوں میں سہے، شاید ہی اس کی کوئی مثال ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کچھ زخم ایسے ہیں جو کبھی نہیں بھر پائیں گے مگر جتنے عروج بھی نواز شریف نے دیکھے وہ بھی شائد کسی اور کے حصے میں نہ آئے ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان آج نواز شریف کا ایک اور عروج دیکھنے جا رہا ہے، انشاءاللّہ! آ جا تینوں اکھیاں اُڈیکدیاں، خوش آمدید نواز شریف!

استقبال کی تیاریاں

اسلام آباد ائیرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، تاہم پارٹی کارکنان کا ممکنہ طور پر اندر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پارٹی رہنماؤں نے کارکنان کو اسلام آباد ایئرپورٹ آنے کی ہدایت نہیں دی ہے کیونکہ نواز شریف باہر نہیں آئیں گے اور ایئرپورٹ کے اندر ہی رہیں گے۔

دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ پر پارٹی کارکنان نے نواز شریف کے غیرمعمولی استقبال کے لیے تیاریاں کر رکھی ہیں، پھولوں کی پھتیاں نچھاور کی جائیں گی، ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن) اپنے قائد کو خوش آمدید کہنے اور پارٹی کی ’بے پناہ‘ مقبولیت کو ظاہر کرنے کے لیے ملک بھر سے اپنے کارکنان کو آج لاہور میں مینار پاکستان پر جمع ہونے کی اپیل کر رہی ہے، حالانکہ مسلم لیگ (ن) کے حریفوں کا دعویٰ ہے کہ پارٹی اب اپنی مقبولیت کھو چکی ہے۔

لاہور میں شہباز شریف، مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے گزشتہ روز مصروف دن گزارا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان سے پارٹی کارکنوں کے قافلے لاہور کے لیے روانہ ہو جائیں اور جن لوگوں کو خیبرپختونخوا اور اندرون پنجاب سے آنا ہے وہ آج ہفتہ کی صبح روانہ ہوں گے، تینوں رہنماؤں نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ روز مینار پاکستان کا دورہ بھی کیا۔

لاہور کے بجائے اسلام آباد لینڈنگ کی وجہ؟

امکان ہے کہ پاکستان واپس پہنچنے کے بعد آئندہ برس جنوری میں عام انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر اپنی جماعت کے لیے انتخابی مہم شروع کرنے سے قبل نواز شریف کو کئی قانونی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑے گا

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے لاہور کے بجائے اسلام آباد پہنچنے کی وجہ یہ ہے کہ ضمانت حاصل کرنے کے لیے اُن کا دارالحکومت میں قدم رکھنا ضروری ہے، جس کی اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کو منظوری دے دی تھی۔

پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما نے بتایا کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر ایک زوردار شو کرنا بہت ضروری ہے تاکہ سب یہ جان لیں کہ مسلم لیگ (ن) اب بھی لاہور میں ایک مقبول جماعت ہے، جو کبھی اس کا گڑھ ہوا کرتا تھا، پارٹی قیادت اس مقصد میں کامیاب ہوگی کیونکہ بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی آمد پارٹی کو ایک ایسے وقت میں بہت ضروری تحریک دے گی جب ملک میں چند ماہ میں عام انتخابات کا انعقاد متوقع ہے، وہ پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے اور چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے۔

ہفتہ وار مہنگائی بدستور 35 فیصد سے زائد

ورلڈکپ: بھارتی پولیس نے میچ کے دوران شائقین کو ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگانے سے روک دیا

قاہرہ امن اجلاس: غزہ میں ہولناک حالات کے پیش نظر جنگ بندی کی جائے، سربراہ اقوام متحدہ