ویرات کوہلی کا بابر اعظم کو تحفہ، وسیم اکرم کی شدید تنقید
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹ لیجنڈ وسیم اکرم نے گزشتہ روز پاک ۔ بھارت میچ کے بعد سابق بھارتی کپتان اور اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی سے احمدآباد اسٹیڈیم میں شرٹ لینے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاک ۔ بھارت میچ کے بعد 34 سالہ ویرات کوہلی اپنی جرسی بابر اعظم کو تحفے میں دے رہے ہیں۔
ویرات کوہلی نے بابر اعظم کو اپنی جرسی اس وقت تحفے میں دی جب بھارتی کھلاڑی جیت کا جشن منانے میں مصروف تھے اور ویرات کوہلی بابر کے ساتھ گپ شپ کرتے نظر آئے۔
اے اسپورٹس نامی مقامی اسپورٹس چینل پر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو بابر اعظم کا یہ عمل پسند نہ آیا اور بھارت سے ’شرمناک شکست‘ کے بعد کپتان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ’جب میں نے تصویر دیکھی تو میں افسردہ ہوگیا، کیونکہ آج یہ دن نہیں تھا جب آپ کوہلی کی جرسیاں لیتے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’چاچا کے پتر‘ نے کہہ دیا ہے کہ کوہلی کی ٹی شرٹ چاہیے تو میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں دی جا سکتی تھی’۔
گزشتہ روز کرکٹ ورلڈ کپ کا اہم مقابلہ ہوا تھا جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں احمد آباد اسٹیڈیم میں آمنے سامنے آئی تھیں، پچھلے ورلڈ کپ میچز کی طرح اس بار بھی بھارت نے ورلڈ کپ میچ میں مسلسل آٹھویں مرتبہ پاکستان کو شکست دی تھی۔
بھارت کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری پاکستانی ٹیم 42.5 اوورز میں 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
جواب میں بھارت نے 192 رنز کا ہدف 30.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
30ویں اوور میں 155 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 50 رنز پر سراج کی گیند پر بولڈ ہوگئے، بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن بُری طرح لڑکھڑا گئی اور دیگر پاکستانی بلے باز مجموعی اسکور میں صرف 36 رنز کا اضافہ کرسکے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، محمد سراج ، ہاردک پانڈیا،کلدیپ یادیو اور رویندرا جدیجا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔