آنر کا بجٹ فون ’پلے 50 پلس‘ متعارف
اسمارٹ موبائل فون بنانے والی چینی کمپنی ’آنر‘ نے اپنے پلے سیریز کا بجٹ فون پیش کردیا، جسے قیمت کے حوالے سے مناسب قرار دیا جا رہا ہے۔
’آنر‘ نے گزشتہ برس ’پلے 40 پلس‘ متعارف کرایا تھا، جسے کافی سراہا گیا اور اب کمپنی نے ’پلے 50 پلس‘ کو پیش کردیا۔
’آنر: پلے 50 پلس‘ کو 8۔6 انچ اسکرین اور طاقتور بیٹری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جب کہ اس میں 35 واٹ کا فاسٹ چارجر بھی دیا گیا ہے۔
فون کو 6 ہزار ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری اور فنگر پرنٹ سینسر سمیت دیگر سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
’آنر: پلے 50 پلس‘ کو 8 اور 12 جی بی ریم جب کہ 128 اور 256 جی بی میموری ماڈیولز کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے اور تمام ماڈیولز کی قیمت مناسب رکھی گئی ہے۔
فون کے بیک پر امیدوں کے برعکس تین کے بجائے دو کیمرے دیے گئے ہیں جب کہ فرنٹ پر بھی ایک ہی 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔
’آنر: پلے 50 پلس‘ کے بیک پر مین کیمرا 50 میگا پکسل جب کہ دوسرا 2 میگا پکسل کا دیا گیا ہے اور اسے اینڈرائیڈ 13 کے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔
کمپنی نے 8 جی بی ریم اور 256 جی بی میموری کے ماڈیول کی قیمت 45 ہزار روپے تک رکھی ہے جب کہ کمپنی نے سب سے زیادہ یعنی 12 جی بی ریم اور 256 جی بی میموری کی قیمت بھی پاکستانی 54 ہزار روپے تک رکھی ہے۔
فون کو اگرچہ کیمروں کے حوالے سے اچھا نہیں سمجھا جا رہا لیکن اسے ریم اور بیٹری کے حساب سے مناسب قیمت پر بہترین فون قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی نے کیمروں کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ کیمروں میں سام سنگ گلیکسی ایس 22 کی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے اور ان میں جدید سینسرز نصب کیے گئے ہیں۔