دنیا

نیپال میں یکے بعد دیگرے دو زلزلے کے جھٹکے، 11 افراد زخمی

ہمالیائی خطے میں آنے والے 6.3 اور 5.3 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ضلع بجھنگ میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، وزیر داخلہ

نیپال میں یکے بعد دیگرے دو زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہو گئے اور متعدد گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مرکزی ہائی وے بند ہو گیا۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق وزیر داخلہ راما اچاریا نے بتایا کہ ہمالیائی خطے میں آنے والے 6.3 اور 5.3 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ضلع بجھنگ میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے مرکزی ہائی وے بلاک ہوگئی۔

پولیس افسر بھرت بہادر شاہ نے کہا کہ زلزلے کے نتیجے میں سات خواتین سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔

ضلعی عہدیدار بابورام آریال نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا جبکہ ضلع کے علاقے چین پور میں کچھ گھر تباہ ہو گئے۔

زلزلے کے جھٹکے پڑوسی ملک بھارت میں بھی محسوس کیے گئے جہاں نئی دہلی میں لوگ خوف کے عالم میں اپنے گھروں سے باہر نکل آئے لیکن کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ان زلزلوں کا مرکز تالکوٹ اور چین پور تھے اور یہ آدھے گھنٹے کے فرق سے آئے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 40 سیکنڈ سے زائد تک محسوس کیے گئے جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ریاست اترپردیش کے شہروں لکھنؤ، ہاپُر اور امروہہ کے ساتھ ساتھ اترکھنڈ میں بھی محسوس کیے گئے۔

دہلی پولیس کی جانب سے بیان میں شہریوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ لفٹ کے استعمال سے گریز کریں اور عمارتیں خالی کردیں۔

ایک دن قبل ہی ڈچ تحقیق دان نے پاکستان میں طاقتور زلزلے کی پیش گوئی کی تھی جہاں انہوں نے بلوچستان میں چمن کی پٹی پر زلزلہ آنے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

البتہ سائنسدانوں اور زلزلہ پیما ایجنسیوں نے پاکستان میں ممکنہ زلزلے کے حوالے سے ڈچ تحقیق دان کے دعوؤں کو مسترد کردیا تھا۔

پاکستان میں غیرقانونی طور رہائش پذیر افراد کو یکم نومبر تک ملک چھوڑنے کا حکم

پردے کے پیچھے کیا ہے؟

پاکستان کو ورلڈ کپ سے قبل دوسرے وارم اپ میچ میں بھی شکست، آسٹریلیا 14 رنز سے کامیاب