کھیل

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گئی

پاکستانی کرکٹ ٹیم دبئی میں قیام کے بعد بھارت کے شہر حیدرآباد پہنچ چکی ہے جو 7سال بعد پاکستانی ٹیم کا پہلا دورہ بھارت ہے۔
| Welcome

پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گئی ہے جو قومی ٹیم کا 7 سال بعد پہلا دورہ بھارت ہے۔

پاکستانی ٹیم گزشتہ روز ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے روانہ ہوئی تھی جہاں دبئی میں قیام کے بعد قومی ٹیم اب بھارت کے شہر حیدر آباد دکن پہنچ چکی ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے قومی ٹیم کی فلائٹ کی حیدرآباد پہنچنے کی تصدیق کی۔

یہ پاکستان کی ٹیم کا سات سال بعد بھارت کا پہلا دورہ ہے جہاں وہ اس سے قبل 2016 کا ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت گئی تھی۔

واضح رہے کہ بھارت روانگی سے قبل قومی ٹیم کے ویزے آنے میں تاخیر ہو گئی تھی جس کی وجہ سے چند دن کے لیے قومی ٹیم کی روانگی مؤخر ہو گئی تھی۔

پی سی بی نے قومی کھلاڑیوں کو بھارتی حکومت کی جانب سے ویزے جاری نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ اٹھایا تھا۔

تاہم 25 ستمبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت کے ویزوں کے اجرا کی تصدیق کی تھی۔

پاکستانی ٹیم حیدرآباد پہنچنے کے بعد محض ایک دن آرام کر سکے گی اور 29 ستمبر کو اسے ورلڈ کپ کی تیاریوں کی سلسلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلنا ہے جس کے بعد 3 اکتوبر کو گرین شرٹس اگلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ کریں گے۔

پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گی جس کے بعد دوسرا میچ 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہی سری لنکا سے ہو گا۔

ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور میزبان بھارت کرکٹ کے دنیا کے سب سے بڑے میدان احمد آباد میں 14 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گے، جس کے بعد پاکستان کا اگلا میچ 20 اکتوبر کو پانچ مرتبہ کی چیمپیئن آسٹریلیا سے ہو گا۔

قومی ٹیم کا کا اگلا میچ 23 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف چنائی، 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف چنائی میں ہی ہوگا، بنگلہ دیش اور پاکستان کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں 31 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 4 نومبر کو بنگلورو میں میچ ہوگا اور قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر کو کھیلے گی اور یہ میچ ایڈن گارڈن میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ کا آغاز احمد آباد میں 5 اکتوبر کو دفاعی چمپیئن انگلینڈ اور گزشتہ ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کے درمیان میچ سے ہوگا۔

ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری

’کہیں ہمارے فیصلے تعلیم کا حصول مشکل تو نہیں بنا رہے؟‘

پی سی بی کا 25 کھلاڑیوں کو 3 سال کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان