دنیا

’شارٹ کٹ‘ کیلئے دیوارِ چین میں سوراخ کرنے والے 2 افراد گرفتار

دیوار میں شارٹ کٹ بنا کر علاقے میں سفر کا دورانیہ کم کرنے کے لیے ایکسکیویٹر کا استعمال کیا تھا، ملزمان

دیوارِ چین میں ایکسکیویٹر کے ذریعے سوراخ کرنے والے 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبے شانزی میں پولیس نے دیوار کے ایک حصے میں شارٹ کٹ بنانے کے لیے استعمال ہونے والی مشینری کے نشانات کی جانچ کی، یہ دیوار ماضی میں غیر ملکی حملہ آوروں کو روکنے کے لیے چین کے بادشاہوں کی طرف سے تعمیر کی گئی تھی۔

سرکاری میڈیا کے مطابق مشتبہ افراد نے پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کیا کہ انہوں نے دیوار میں شارٹ کٹ بنا کر علاقے میں سفر کا دورانیہ کم کرنے کے لیے ایکسکیویٹر کا استعمال کیا تھا۔

دیوارِ چین کی تعمیر پہلی بار تیسری صدی قبل مسیح میں شروع ہوئی اور صدیوں تک جاری رہی، کئی حصوں میں تقسیم یہ دیوار مجموعی طور پر ہزاروں کلو میٹر تک پھیلی ہوئی ہے۔

وسطی بیجنگ کے مغرب میں تقریباً 6 گھنٹے کی مسافت پر واقع دیوارِ چین کا متاثرہ حصہ 14ویں سے 17ویں صدی کے دوران چین کے منگ خاندان کے دور میں قائم ہوا۔

سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ نے گزشتہ روز اطلاع دی کہ مشتبہ افراد نے دیوار کو ’ناقابل تلافی نقصان‘ پہنچایا ہے، جسے اتنا عرصہ گزر جانے کے باوجود نسبتاً بہتر حالت میں محفوظ حصے کے طور پر بیان کیا جاتا رہا ہے۔

چین کے سرکاری ٹی وی پرنشر کی جانے والی تصاویر میں واقعے کے بعد کے مناظر دکھائے گئے، جہاں زمین کے ایک طویل، ابھرے ہوئے حصے کو کاٹ کر سڑک بنائی گئی، اس پر موجود ڈھیروں مٹی اس قدیم دیوار کی باقیات معلوم ہوتی ہے۔

’سی سی ٹی وی‘ کے مطابق فی الحال دونوں مشتبہ افراد کو قانون کے مطابق حراست میں لے لیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کی مشکلات کم نہ ہوسکیں، رہائی کے بعد پھر گرفتار

’پالتو‘ شیر کا سفرنامہ

اسرائیل نے بحرین میں سفارتخانہ کھول لیا، تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق