کھیل

کرکٹ ورلڈکپ 2023: پاک بھارت میچ کے تمام ٹکٹس ایک گھنٹے میں فروخت

آئی سی سی کے ٹکٹنگ پارٹنر کی ویب سائٹ پر پاکستان اور بھارت کے میچ پر سولڈ آؤٹ (یعنی تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں) لکھا تھا۔

بھارتی شہر احمد آباد میں 14 اکتوبر کو شیڈول کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں پاک بھارت مقابلے کے میچ کے تمام ٹکٹس صرف ایک گھنٹے میں فروخت ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسیز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز 29 اگست کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹکٹنگ پارٹنر نے پاک بھارت میچ کی ٹکٹس کی فروخت کے لیے اپنی خصوصی پری سیل ونڈو کا آغاز کیا تو صرف ایک گھنٹے میں تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے۔

بھارت اور پاکستان کے میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا دوسرا راؤنڈ 3 ستمبر کو ہوگا، تاہم یہ ممکن ہے کہ تمام ٹکٹس تیزی سے فروخت ہو جائیں گے۔

اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ وارم اپ میچز اور بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے ورلڈکپ میچز کے لیے پری سیل ونڈو کے دوران ٹکٹس کی تعداد کتنی تھی لیکن بھارتی رپورٹس کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ 29 اگست کو شام 6 بجے پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹکٹس فروخت ہونا شروع ہوئے جس کے ایک گھنٹے بعد تمام ٹکٹس تیزی سے فروخت ہوچکے تھے۔

آئی سی سی کے ٹکٹنگ پارٹنر ’بُک مائی شو‘ کی ویب سائٹ پر پاکستان اور بھارت کے میچ پر ’سولڈ آؤٹ‘ (یعنی تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں) لکھا تھا، جبکہ بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے دیگر 8 ٹیموں پر کچھ بھی نہیں لکھا تھا۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ایک ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بھارتی میڈیا پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ’آج کی ٹکٹوں کی فروخت صرف ان لوگوں کے لیے تھی جن کے پاس ماسٹر کارڈ (کریڈٹ یا ڈیبٹ) تھے، ہر شخص کو زیادہ سے زیادہ دو ٹکٹ خریدنے کی اجازت تھی، اور جیسا کہ توقع تھی، ایک گھنٹے کے اندر شائقین نے تمام ٹکٹس خرید لیے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ تاہم یہ ممکن ہے کہ 3 ستمبر کو دوبارہ ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگی، اچھی خبر یہ ہے کہ نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 32 ہزار شائقین کی گنجائش ہے لہذا 3 ستمبر کو کافی تعداد میں ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے میچز میں ایک شخص دو ٹکٹ خرید سکتا ہے جبکہ دیگر میچز میں ایک شخص 4 ٹکٹس خرید سکتا ہے۔

واضح رہے کہ 10 ٹیموں پر مشتمل کرکٹ ورلڈ کپ 2023 پانچ اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں ہوگا۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پہلے 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول تھا لیکن بی سی سی آئی نے 15 اکتوبر کو ہونے والے اس اہم میچ کے حوالے سے سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا کیونکہ اس دن بھارت میں مذہبی تہوار کا آغاز ہوگا۔

بھارتی بورڈ کی درخواست پر اب میچ کو ایک دن پہلے منتقل کردیا گیا ہے اور دونوں روایتی حریفوں کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ 2023 کیلئے قومی ٹیم کی کٹ کی رونمائی کردی گئی

نیپال کے خلاف بابر اعظم کی دھواں دھار بیٹنگ، بھارتی کرکٹرز بھی تعریف کرنے پر مجبور

کسی حریف کو آسان تصور نہیں کریں گے، فتح سے ایشیا کپ کا آغاز کریں گے، بابر اعظم