سام سنگ 320 اور 440 میگا پکسل کیمرے بنانے میں مصروف
اطلاعات ہیں کہ اسمارٹ موبائل بنانے والی جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہائی ریزولیشن فون کیمرا بنانے میں مصروف ہے۔
اطلاعات کے مطابق کمپنی 50 اور 200 میگا پکسل کے جدید ٹیکنالوجی اور سینسر سے لیس کیمروں کے علاوہ پہلی بار 320 اور 440 میگا پکسل کیمرے بھی بنانے میں مصروف ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سام سنگ نے جنوری 2023 میں 200 میگا پکسل کیمروں پر مشتمل فونز کو پہلی بار متعارف کرایا تھا۔
کمپنی نے ایس 23 میں پہلی بار 200 میگا پکسل کیمرے دیے تھے لیکن اب بتایا جا رہا ہے کہ کمپنی جدید ٹیکنالوجی اور سینسرز سے لیس نئے 200 میگا پکسل کیمرے بنانے میں مصروف ہے۔
اسی طرح کمپنی اپنے متعدد فونز میں اگرچہ 50 میگا پکسل اور اس سے بھی زائد میگا پکسل کے کیمرے پیش کر چکی ہے لیکن اب کمپنی 50 میگا پکسل کے نئے جدید سینسرز سے لیس کیمرے بنا رہی ہے۔
سام سنگ کی اپڈیٹس دینے والے ٹیکنالوجی ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی کمپنی اس وقت 50، 200، 320 اور 440 میگا پکسل کے نئے کیمرے بنانے میں مصروف ہے۔
رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور پر کمپنی 320 میگا پکسل کیمرے کو اپنے ایس 25 فون میں متعارف کرائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
اسی طرح خیال کیا جا رہا ہے کہ کمپنی کچھ عرصے بعد 440 میگا پکسل کیمروں کو بھی اپنے فونز میں پیش کرے گی، تاہم فوری طور پر مذکورہ کیمروں کو دوسری کمپنیوں کے لیے بنایا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر 440 میگا پکسل کو فوری طور پر فون کمپنیز کے لیے نہیں بلکہ انڈسٹریز کے لیے بنایا جا رہا ہے اور مختلف شعبوں کی انڈسٹریز مذکورہ کیمروں کو اپنی مشینری میں استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سام سنگ ایس 25 یا پھر ایس 26 میں 320 میگا پکسل کیمرے کو متعارف کرا سکتی ہے جب کہ نئے بنائے جانے والے 50 اور 200 میگا پکسل کیمروں کے بعد کمپنی کے فونز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر شروع میں سام سنگ کی جانب سے بنائے جانے والے کیمروں کو دوسری کمپنیاں استعمال کر سکتی ہیں لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔