دنیا

کینیڈا: جنگل میں لگنے والی آگ کے سبب ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور

تقریباً 30 ہزار افراد کو انخلا کے احکامات جاری کردیے گئے، مزید 36 ہزار افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، صوبائی وزیر برائے ایمرجنسی امور

کینیڈا میں صوبہ کولمبیا کے شہر کیلونا میں واقع جنگلات میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیل گئی جس کے سبب کیلونا شہر سمیت اوکاناگن وادی کے بڑے حصوں کے لیے شدید خطرہ پیدا ہوگیا اور حکام نے ہزاروں رہائشیوں سے انتباہات پر عمل کرنے اور انخلا کی اپیل کی۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر برائے ایمرجنسی امور بوون ما نے کہا کہ بدترین آگ کے باعث صورتحال میں تیزی سے تبدیلی رونما ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 30 ہزار افراد کو انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ مزید 36 ہزار افراد کو الرٹ کیا گیا ہےکہ وہ انخلا کے لیے تیار رہیں۔

ایک نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جب انخلا کے احکامات جاری کرنے کی نوبت آجائے تو یہ اندازہ کرنا مشکل نہیں کہ ان پر عمل کرنا کتنا ضروری ہوچکا ہے، یہ زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔

ڈیڑھ لاکھ آبادی پر مشتمل شہر کیلونا آتشزدگی کے سبب دھوئیں کے گھنے بادلوں سے ڈھک گیا، حالیہ عرصے میں یہاں جنگلات میں آگ لگنے کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں جس نے لاکھوں ایکڑ اراضی کو جھلسا کر رکھ دیا۔

وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ انہوں نے برٹش کولمبیا کے وزیر اعظم ڈیوڈ ایبے سے جنگل میں آگ لگنے کے سبب تیزی سے بدلتی اور ناقابل یقین حد تک تباہ کن صورتحال کے بارے میں بات کی ہے اور اس آفت سے نمٹنے کے لیے وسائل کا وعدہ کیا ہے۔

آگ کے مقام سے دور واقع علاقائی دارالحکومت یلو نائف میں بھی لوگ انخلا پر مجبور ہوگئے جس سے تقریباً 20 ہزار آبادی پر مشتمل شہر میں ہُو کا عالم طاری ہوگیا، تاہم ہفتے کو رات بھر بارش کے سبب درجہ حرارت میں تیزی سے کمی آنے کے بعد کچھ راحت محسوس کی گئی۔

تاہم شمال مغربی علاقوں کے وزیر ماحولیات شین تھامسن نے ایک پریس کانفرنس میں متنبہ کیا کہ تھوڑی سی بارش کا مطلب یہ نہیں ہے کہ گھروں کو واپس لوٹنا محفوظ ہوگا۔

یلو نائف سے انخلا کرکے البرٹا کے علاقے ایڈمنٹن آنے والوں سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ آگ نے بھیانک نقصان پہنچایا ہے۔

کیلگری شہر کے حکام نے بتایا کہ یلو نائف سے تقریباً ساڑھے 3 ہزار مسافروں کو لے کر تقریباً 40 پروازیں کیلگری پہنچ چکی ہیں، جن کے لیے ہوٹلز میں تقریباً 500 کمرے مختص کیے گئے ہیں۔

ڈیوڈ ایبے نے ہفتہ (19 اگست) کو علاقے میں غیر ضروری دوروں کا سلسلہ روکنے کے لیے ایمرجنسی کا اعلان کردیا تھا۔

بلز پر دستخط کی تردید: سیاسی مخالفین کی صدر مملکت پر کڑی تنقید

بلبلِ پاکستان نیّرہ نور کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال بیت گیا

برکس اجلاس: رکن ممالک دنیا کے جغرافیائی سیاسی منظرنامے میں تبدیلی کیلئے پُرامید