دنیا

بھارت نے متحدہ عرب امارات کو پہلی بار روپے میں تیل کی ادائیگی کردی

جولائی میں طے ہونے والے معاہدے کے نتیجے میں بھارت نے متحدہ عرب امارات کو تیل کے 10 لاکھ بیرلز کی ادائیگی روپے میں کی ہے۔

بھارتی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مقامی کرنسی میں باہمی تجارت کا آغاز ہوچکا ہے جس کے تحت بھارت نے پہلی بار متحدہ عرب امارات کو تیل کے 10 لاکھ بیرلز کی ادائیگی روپے میں کردی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفارتخانے نے بیان جاری کیا ہے کہ انڈین آئل کارپوریشن نے ابوظبی نیشنل آئل کمپنی (اے ڈی این او سی) کو تیل کی قیمت روپے میں ادا کی ہے۔

یہ لین دین متحدہ عرب امارات کے سونے کے برآمد کنندہ کی جانب سے بھارت میں خریدار کو تقریباً 12 کروڑ 84 لاکھ روپے (1.54 ملین ڈالرز) میں 25 کلو گرام سونا فروخت کرنے کے بعد ہوا ہے۔

بھارت نے جولائی میں معاہدہ طے کیا تھا جس کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت کی ادائیگی ڈالرز کے بجائے روپے میں کرنے پر اتفاق ہوا تھا، اس معاہدے کی بدولت ڈالر سے روپے میں تبدیلی کو ختم کرکے لین دین کے اخراجات کو کم کرنے کی بھارتی کوششوں کو تقویت ملی۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہِ متحدہ عرب امارات کے دوران دونوں ممالک نے ’ریئل ٹائم پیمنٹ لنک‘ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ سرحد پار رقم کی باآسانی منتقلی کی سہولت فراہم کی جاسکے۔

سال 23-2022 کے دوران بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ساڑھے 84 ارب ڈالرز کی باہمی تجارت ہوئی تھی۔

امریکا کا پاکستان کی معاشی کامیابی کیلئے بھرپور تعاون کا اظہار

سابق اسرائیلی فوجی جرنیل نے مغربی کنارے میں اقدامات کو ’نسل پرستانہ‘ قرار دے دیا

رہنما مسلم لیگ (ن) حنا پرویز بٹ کے ساتھ لندن میں ’بدتمیزی‘، سوشل میڈیا پر سخت ردعمل