بھارت میں شدید بارش، دریائے جمنا مقدس شہروں متھورا، ورنداون میں داخل
بھارت میں کئی روز سے جاری بارشوں کے نتیجے میں قدیم مقدس شہروں ورنداون اور متھورا میں دریائے جمنا کا پانی داخل ہوگیا۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ بدھ کو ریاست اترپردیش کے ضلع متھورا میں دریا میں پانی کی سطح 166.68 میٹر ریکارڈ کی گئی جہاں شہر واقع ہے اور پانی کی خطرناک سطح 166 میٹر ہے۔
مذکورہ شہروں کی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تمام گلیوں میں پانی بھرا ہوا ہے، جہاں گاڑیاں جزوی ڈوبی ہوئی ہیں اور شہری سیلاب میں اٹکے ہوئے ہیں جہاں جزیزہ کا منظر ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نے ہزاروں شہریوں کو ریلیف کمیپموں میں منتقل کردیا ہے یا وہ اپنے رشتہ داروں کے گھروں میں ہیں جبکہ کئی افراد سیلاب کی وجہ سے اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں اور رواں ہفتے پانی کے گھروں تک پہنچ گیا ہے۔
ورنداون کے 57 سالہ شہری شیام سنگھ نے سیلاب کے حوالے سے خبریں ٹی وی میں دیکھیں اور وہ اپنے قریبی علاقے کی طرف ہجرت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم وہاں سے نہیں نکل سکتے تھے، پانی ہمارے گھروں میں بھی آگیا تھا، جس کے نتیجے میں اسٹرکچر اور ہماری جائیداد کو انتہائی نقصان پہنچا ہے۔
شہری نے کہا کہ سیلاب سے ہماری مویشیوں کے لیے جمع کی گئیں کھانے کی اشیا بھی تباہ ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اب پانی کی سطح کم ہو رہی ہے اور پانی کم ہونے کے بعد گندگی پھیل رہی ہے اور تعفن اٹھ رہا ہے جس سے بیماریاں پھیلنے کے خدشات ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں نے بھی اعتراف کیا کہ انہیں بھی بیماریاں پھیلنے کے خدشات ہیں۔
ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے سربراہ اور علاقے کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پلکٹ کارے نے بتایا کہ اس موسم کے ساتھ اورسال کے جس وقت پر ہم موجود ہیں وہاں وبائی امراض پھیلنے کے خطرات بہت زیادہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گیسٹرو، جلدی امراض اور وائرل انفیکشنز کے زیادہ خطرات ہیں اور اسی لیے اب ہمیں حفاظتی اقدامات کرنے ہیں۔