پاکستان

پاکستان ریلوے کا عید الاضحیٰ کیلئے ٹرین کے کرایوں میں 33 فیصد رعایت کا اعلان

رعایتی کرایے کا اطلاق صرف عید الاضحیٰ کے تین دن یعنی 29، 30 جون اور یکم جولائی کے لیے کرائی جانے والی بکنگ پر ہوگا۔
|

پاکستان ریلوے نے عید کی چھٹیوں کے دوران مسافروں کے لیے ریل کے کرایوں میں 33 فیصد رعایت کا اعلان کر دیا۔

وزارت ریلوے کی جانب سے جاری کیے گۓ نوٹیفیکیشن کے مطابق عید کے تینوں دن مسافر تمام ٹرینوں کی ہر کلاس میں 33 فیصد کرایے کی رعایت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔

نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا کہ رعایت کا اطلاق پاکستان ریلوے کے تحت چلائی جانے والی تمام مسافر ٹرینوں پر ہو گا۔

وزارت ریلوے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ رعایتی کرایے کا اطلاق صرف عید الاضحیٰ کے تین دن یعنی 29، 30 جون اور یکم جولائی کے لیے کرائی جانے والی بکنگ پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رعایتی نرخ کم از کم کرایے سے کم نہیں ہونے چاہیے۔

اس کے علاوہ کوئی فرد یا پارٹی ایک ہی وقت میں 2 یا زائد رعایتیں حاصل نہیں کرسکے گا، مزید برآں عید کے موقع پر چلائی جانے والی خصوصی ٹرینوں پر اس رعایت کا اطلاق نہیں ہوگا۔

دوسری جانب وزارت نے عید کے موقع پر تین خصوصی ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا جس میں پہلی ٹرین 26 جون کو کوئٹہ سے صبح 10 بجے پشاور جائے گی۔

دوسری ٹرین 27 جون کو رات ساڑھے 8 بجے کراچی سے لاہور جبکہ تیسری ٹرین 3 جولائی کو صبح 11 بجے لاہور سے کراچی روانہ ہوگی۔

پی آئی اے کے کرایوں میں 10 فیصد رعایت

خیال رہے کہ دو روز قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اندرون ملک پروازوں پر کرایوں میں رعایت دینے کا اعلان کیا تھا۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی آئی اے کی تمام اندرون ملک پروازوں پر مسافروں کو 10 فیصد رعایت حاصل ہو گی۔

یہ رعایت عید کی تعطیلات کے دوران 30 جون سے یکم جولائی تک نافذ العمل رہے گی، ترجمان نے کہا تھا کہ رعایتی ٹکٹ فوری طور پر جاری کرائے جا سکتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے پیرس میں تیسری ملاقات

’گرو‘ کے کردار پر کسی خواجہ سرا کا انتخاب کیوں نہیں کیا؟ علی رحمٰن نے وجہ بتادی

گوگل سرچ انجن میں انسانوں کی پوسٹس کے نتائج دکھانے کا فیچر پیش