پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف فرانس کا 2 روزہ دورہ کریں گے

شہباز شریف فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر پیرس میں منعقد ہونے والے نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ میں شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر پیرس میں منعقد ہونے والے ’نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ‘ میں شرکت کے لیے 22 سے 23 جون تک فرانس کا سرکاری دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سربراہی اجلاس رہنماؤں کو ایک نئے عالمی طرزِ تعمیر کی صورت پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو پائیدار ترقی، ماحولیات، توانائی کی منتقلی اور موسمیاتی تبدیلی کے ایجنڈے کی مالی اعانت کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

بیان کے مطابق سربراہی اجلاس کا مقصد آئندہ 2 سال کے دوران دیگر اہم بین الاقوامی تقریبات اور کانفرنسز کے سلسلے میں بین الاقوامی مالیاتی نظام کی جامع اصلاحات کے لیے درکار اصولوں اور اقدامات کی وضاحت کرنا، شمال اور جنوب کے درمیان زیادہ متوازن اور منصفانہ شراکت داری کی راہ ہموار کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان عالمی مباحثے میں ایک سرکردہ اسٹیک ہولڈر، جی۔ 77 اینڈ چائنا میں ایک رہنما اور موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے سب سے بڑے ترقی پذیر ممالک میں سے ایک کی حیثیت سے سربراہی اجلاس میں ہونے والی بحث میں حصہ لے گا۔

وزیراعظم بحث کے دوران عالمی مالیاتی اداروں میں اصلاحات، موسمیاتی فنانس، گرین انفرااسٹرکچر، پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول اور قرضوں سے متعلق حل کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر اور تجاویز پیش کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم سربراہ اجلاس کے موقع پر دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

حکومت نے عید الاضحیٰ کیلئے تعطیلات کا اعلان کردیا

ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں شامل

کنٹینر ٹرمینل کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کیلئے جلد مذاکرات متوقع