دنیا

بچوں کی نگہداشت کے وارڈ کی 12 نرسز ایک ساتھ حاملہ ہوگئیں

ماضی میں ایک ہسپتال کے زچہ و بچہ وارڈ کی 36 نرسز ایک ساتھ حاملہ ہوگئی تھیں۔

امریکی ریاست ورجینیا کے ہسپتال میں ایک ہی وارڈ میں ملازمت کرنے والی ایک درجن نرسز ایک ساتھ حاملہ ہوگئیں، جس پر انتظامیہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’فاکس 8 نیوز‘ کے مطابق ریاست ورجینیا کے شہر نیوز پورٹ کے ہسپتال ریورس سائیڈ ریجنل میڈیکل سینٹر کے بچوں کی نگہداشت کے وارڈ (این آئی سی یو) کی نرسز حاملہ ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ایک ہی وارڈ کی نرسز کے ہاں بچوں کی متوقع پیدائش پر انتظامیہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ہسپتال میں ایک ساتھ اتنی ملازمین پہلی بار حاملہ ہوئیں ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 12 سے دو نرسز کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوچکی جب کہ مزید تین خواتین کے ہاں آئندہ ماہ جولائی اور اگست میں بچوں کی پیدائش ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق باقی حاملہ نرسز کے ہاں ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں بچوں کی پیدائش ہوگی۔

اسی حوالے سے ’پیپلز میگزین‘ نے بتایا کہ حاملہ ہونے والی تمام 12 ہی نرسز بچوں کی نگہداشت کے وارڈ میں کام کرتی ہیں اور حمل کے دوران بھی وہ اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔

حاملہ ہونے والی خواتین میں 10 نرسز، ایک ٹرینی نرس جب کہ ایک ان کی انچارج شامل ہیں۔

انتطامیہ نے بتایا کہ اُمید سے ہونے والی خواتین میں سے پانچ خواتین ایسی ہیں جو پہلی بار بچوں کو جنم دیں گی جب کہ باقی نرسز کے حوالے سے اس طرح کی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

اُمید سے ہونے والی خواتین نے ایک ساتھ حاملہ ہونے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تمام ایک دوسرے کی مدد کر رہی ہیں، سب کی سب خواتین اہم وقت سے گزر رہی ہیں۔

اگرچہ ورجینیا کے مذکورہ ہسپتال میں پہلی بار ایک ساتھ 12 نرسز حاملہ ہوئی ہیں، تاہم امریکا میں اس طرح کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔

گزشتہ ماہ مئی میں ریاست نیویارک کے ایک ہسپتال نے بھی بتایا تھا کہ ان کے بچوں کی نگہداشت کے وارڈ میں کام کرنے والی 15 نرسز ایک ساتھ حاملہ ہوگئیں

اس سے قبل ریاست مسوری کے ہسپتال میں بھی بچوں کی نگہداشت میں کام کرنے والی 14 نرسز ایک ساتھ حاملہ ہوگئی تھیں۔

اسی طرح 2019 میں بھی مسوری کے ایک ہسپتال کے بچوں کی نگہداشت کے وارڈ کی 36 نرسز ایک ساتھ حاملہ ہوگئی تھیں۔

سال 2019 میں ہی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ کے ہسپتال کے بچوں کی ہی نگہداشت کے وارڈ کی 9 نرسز بھی ایک ساتھ حاملہ ہوگئی تھیں۔

وٹامن ڈی کی کمی خواتین کے حاملہ نہ ہونے کا ایک سبب

حاملہ خواتین صبح بہتر کیفیت کیلئے یہ ٹپس اپنائیں

کیا فولک ایسڈ حمل ٹھہرانے میں مددگار ہوتا ہے؟