پاکستان

چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواست مسترد

قتل کی تحقیقات جاری ہیں اور صوبائی حکومت نے معاملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے، بلوچستان ہائی کورٹ کا حکم

بلوچستان ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے وارنٹ معطل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق جمعرات کو چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس امیر نواز رانا پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سینئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری کے خلاف عمران خان کی درخواست کی سماعت کی۔

عمران خان کی جانب سے اقبال شاہ ایڈووکیٹ کے توسط سے بلوچستان ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ان کے مؤکل کو 19 جون تک اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت مل گئی ہے۔

جمعرات کو سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو سنا اور بعد میں درخواست مسترد کر دی، عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ قتل کی تحقیقات جاری ہیں اور صوبائی حکومت نے معاملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔

حکام نے بتایا کہ کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دوسرے دن وارنٹ جاری کیے جب پولیس نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی حفاظتی ضمانت ختم ہونے کے بعد عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

بھارتی ریسلنگ فیڈریشن کے سربراہ پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد

’جلد کی رنگت نکھارنے کیلئے برف سے بھرے ٹھنڈے پانی میں چہرہ ڈالنے کی تھراپی‘ کتنی فائدہ مند ہے؟

شوبز انڈسٹری نے کم عمری میں استحصال کیا، متھیرا