ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث 106 سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک
اسلام آباد پولیس کی درخواست پر ریاست مخالف، اسلام مخالف، دہشت گردی اور فرقہ واریت سرگرمیوں کو فروغ دینے پر 100 سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا گیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسران کا کہنا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ذریعے اب تک فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب پر 106 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے پرویژنل آف وائلنٹ ایکسٹریمزم یونٹ (پی وی ای) کے تحقیقاتی نتائج کی بنیاد پر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کیے گئے۔
پولیس افسران کا کہنا تھا کہ ’پی وی ای ریاست مخالف، دہشت گردی، فرقہ واریت اور اسلام مخالف سمیت مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی کررہا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ پی وی او کی جانب سے 164 ٹوئٹر، 38 فیس بک اور ایک یوٹیوب اکاؤنٹس سمیت 203 اکاؤنٹس بلاک کرنے کی سفارش کی گئی ہے جن میں سے اب تک 106 اکاؤنٹس بلاک کیے جاچکے ہیں۔
اس حوالے سے محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق اسکرین شاٹ سمیت ہر اکاؤنٹ کی تفصیلی معلومات اور اکاؤنٹس بلاک کرنے کے لیے ایف آئی اے کو درخواست بھیجی جاچکی ہیں۔