پاکستان

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا چوہدری شجاعت کے گھر پر چھاپے کی انکوائری کا حکم

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ہمراہ چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور سی سی پی او لاہور بھی موجود تھے، اعلامیہ
|

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پولیس چھاپے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

پنجاب حکومت کی طرف سے جارہ کردہ اعلامیہ کے مطابق نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پہنچ کر چوہدری سالک حسین کی خیریت دریافت کی۔

محسن نقوین, ظہور الہٰی روڈ پر چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں انہوں نے زخمی ہونے والے چوہدری سالک حسین کی خیریت دریافت کی۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ہمراہ چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور سی سی پی او لاہور بھی موجود تھے۔

محسن نقوی نے چوہدری سالک حسین اور شافع حسین سے افسوس ناک واقعے کی تفصیلات حاصل کیں اور کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر معذرت خواہ ہوں۔

واضح رہے کہ 28 اپریل کو لاہور میں محکمہ اینٹی کرپشن اور پولیس حکام نے صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر رات گئے چھاپہ مارا تھا۔

پولیس کی چھاپہ مار ٹیم نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گلبرگ میں واقع رہائش گاہ کا مرکزی گیٹ بکتر بند گاڑی سے توڑ ڈالا اور گھر میں موجود 12 افراد کو گرفتار کر لیا جن میں زیادہ تر ان کے ملازمین تھے، علاوہ ازیں خواتین پولیس اہلکاروں نے کچھ خواتین کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔

ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ پولیس اہلکار گھر میں داخل ہوئے اور گھر میں موجود ملازمین پر لاٹھی چارج کیا۔

پولیس اہلکاروں نے گھر کی اچھی طرح تلاشی لی لیکن پرویز الہٰی کو نہ ڈھونڈ سکے، انہوں نے صدر مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین کی ملحقہ رہائش گاہ میں بھی زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی تھی تاہم ان کے بیٹوں کی جانب سے پولیس کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہوئے تھے اور میں آج صبح ہی لاہور واپس آیا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری تفصیلات حاصل کیں اور انکوائری کا حکم دیا۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تحقیقات میں ذمہ داران کا تعین ہوگا اور بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے کارکنوں نے پولیس پر پیٹرول بم پھینکے اور پتھراؤ کیا، کسی کو پولیس پر حملے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے۔

بعد ازاں چوہدری شجاعت حسین نے رہائش گاہ آمد پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

کوہاٹ: 4 لیویز اہلکاروں سمیت 5 افراد ’ہتھیاروں کی اسمگلنگ‘ کے الزام میں گرفتار

سوڈان: جنگ بندی کے باوجود دارالحکومت فائرنگ، دھماکوں سے گونج اٹھا

لکڑی سے برتن بنانے کا فن حکومتی توجہ کا منتظر