پاکستان

پاکستان بھر میں عید الفطر روایتی جوش و خروش سے منائی گئی

ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔
|

پاکستان بھر میں آج عید الفطر روایتی جوش و خروش سے منائی گئی۔

ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

عید کے موقع پر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

علمائے کرام نے اپنے خطبات میں عیدالفطر کی اہمیت اور فلسفہ پر روشنی ڈالی اور ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت میں عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علاوہ اعلیٰ سرکاری افسران اور مسلم ممالک کے سفرا نے نماز عید ادا کی۔

کراچی میں عید کا مرکزی اجتماع گلشن جناح میں ہوا جبکہ نماز عید کے دیگر بڑے اجتماعات عیدگاہ ناظم آباد، نشتر پارک، ٹی گراؤنڈ اور دارالعلوم کراچی میں ہوئے اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پولو گراؤنڈ میں عید کی نماز ادا کی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عید الفطر 2023 کی نماز لاہور ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پر ادا کی اور لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔

وزیرِ اعظم نے کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کی آزادی اور پوری امت مسلمہ کے ساتھ ساتھ پاکستانی سیلاب متاثرین اور ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے بھی دعائیں کیں۔

پشاور میں مرکزی اجتماع عیدگاہ چارسدہ روڈ پر ہوا، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے گورنر ہاؤس پشاور میں نماز عید ادا کی اور عوام کو عید کی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے لاہور زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ میں نماز عید ادا کی۔

کوئٹہ میں نماز عید کے 200 سے زائد اجتماعات کھلے مقامات، پارکوں، مسجدوں، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں میں ہوئے جبکہ مرکزی اجتماع عیدگاہ توغی روڈ پر ہوا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر نےگورنر ہاؤس کوئٹہ میں عید کی نماز ادا کی۔

صدر و وزیراعظم کے پیغامات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےعید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ عید الفطرکے اس بابرکت موقع پر رمضان المبارک کے ہمارے روزے اور عبادتیں قبول فرمائے اور ملک پاکستان کو ترقی، خوشحالی ، امن اور استحکام عطا فرمائے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں اللہ تعالی کے حضور دعاگو ہوں کہ یہ عید ہمارے لیے امن وسلامتی اور خوشیوں کے ایام لائے اور ملکِ پاکستان کو ترقی ، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو مشکل سیاسی اور اقتصادی حالات کا سامنا ہے اور ہم سب اپنے ملک کیلئے درد محسوس کررہے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو درپیش موجودہ حالات سے نکلنے کیلئے پاکستان کو درگزر کرنے اور اللہ کے راستے اور سنت رسول ﷺ پر چلنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ گروہی، مذہبی اور سیاسی اختلافات کو لڑائی جھگڑے اور نفرت انگیزی کا ذریعہ نہ بننے دیں اور ملک کو سیاسی و معاشی استحکام کی جانب لے جانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو مبارک باد کے پیغام میں کہا کہ میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ مشکل دور ہے جس میں صاحب ثروت کے ایثار ومحبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے، ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کے جبر کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ درپیش معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام تک پہنچے، ہم ہرممکن حد تک ریلیف عوام تک پہنچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، میرا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان آزمائشوں سے نجات عطا فرمائے گا اور آپ کی زندگیوں میں آسانیاں واپس لوٹیں گی۔

آرمی چیف نے عید کا پہلا دن جوانوں کے ساتھ گزارا

پاک فوج کےسربراہ جنرل سید عاصم منیر نے عیدالفطر کا پہلا دن باجوڑ ، خیبر پختونخوا میں پاک افغان بارڈر پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ گزار اور افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور افواجِ پاکستان ملکی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے کسی بھی خطرے کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محافظینِ پاکستان دشوار راستوں، سخت موسمی حالات اور اپنے پیاروں سے دور ہونے کے باوجود، اپنے فرائض کو مقدم رکھتے ہیں کیونکہ سرحدوں کی حفاظت سے زیادہ مقدس کچھ نہیں ہے۔

آرمی چیف سید عاصم منیر نے شہدا کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور زور دیا کہ عید کے دن ہمیں مادر وطن کے دفاع اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے۔

وزرا، سیاستدانوں سے وزیراعظم کا ٹیلی فونک رابطہ، عید کی مبارکباد

عید الفطر کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا اور سیاسی رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور عید کی مبارک باد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چئیرمن سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر اکرم درانی کو ٹیلی فون کیا اور عیدالفطر کی مبارک دی، تینوں عہدیداران نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت میں شامل جماعتوں کے قائدین کو ٹیلی فون کیا اور عید کی مبارک باد دی، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن، سابق صدر آصف زرداری، ان کے بیٹے و چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بختاور اور آصفہ کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو فون پر عید کی مبارکباد دی جبکہ چاروں صوبوں کے گورنرز کو بھی ٹیلی فون پر عید کی مبارک دی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سردار اختر مینگل، چوہدری شجاعت حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محمود خان اچکزئی، آفتاب احمد خان شیرپاؤ، پروفیسر ساجد میر، شاہ اویس نورانی کو بھی ٹیلی فون پر عید کی مبارک دی۔

عید الفطر کی آمد پر کراچی پریس کلب میں مہندی میلہ

چاند رات پرہاتھوں پر کیسی مہندی سجائی جائے؟ کون سا ڈیزائن ٹرینڈ کررہا ہے؟

عید کے دن تیار ہونے کیلئے یہ منفرد اسٹائل ضرور آزمائیں!