پاکستان

وزیر اعظم کا چینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

شہباز شریف نے چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ملک گیر حکمت عملی وضع کرنے کے لیے آج اسلام آباد میں اجلاس طلب کرلیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اس کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک اجلاس میں وزیراعظم نے چینی کی منافع خوری اور اسمگلنگ کی رپورٹس پر برہمی کا اظہار کیا اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی۔

انہوں نے چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ملک گیر حکمت عملی وضع کرنے کے لیے آج اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

انہوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو ہدایت کی کہ صوبے میں چینی کی قیمتوں کی مؤثر انداز میں نگرانی کی جائے اور مناسب نرخوں پر چینی کی فروخت کا طریقہ کار بنایا جائے۔

شہباز شریف نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ ملز مالکان کے ساتھ بیٹھ کر چینی کی قیمت میں اضافے کا جائزہ لیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتیں چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اقدامات پر غور کر رہی ہیں جس میں مبینہ طور پر اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے پنجاب کے سیکریٹری خوراک اور کین کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا تھا کہ پنجاب سے چینی کو دوسرے صوبوں تک پہنچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کا اجازت نامہ لازمی ہوگا۔

چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیچھے ایک اور وجہ اس کی افغانستان اسمگلنگ کو قرار دیا جارہا ہے، کسٹمز کے ترجمان نے بتایا کہ محکمہ کسٹمز نے گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران کم از کم 848 ٹن چینی ملک سے باہر اسمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے۔

3 جنوری کو اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ڈھائی لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی جب اس کی اوسط مارکیٹ قیمت 93 روپے فی کلو تھی لیکن ذرائع نے بتایا کہ اب تک کم از کم 4 لاکھ ٹن چینی برآمد کی جا چکی ہے اور اس کے مقامی نرخ 130 روپے فی کلو تک بڑھ چکے ہیں اور اس عمل کے دوران شوگر ملوں نے مبینہ طور پر 115 ارب روپے اضافی بٹور لیے۔

یہ اقدامات چینی کی قیمتوں کو کم کرنے میں تاحال ناکام رہے ہیں اس لیے حکومت نے شوگر ملز مالکان کی نمائندہ تنظیم ’پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن‘ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا ذخیرہ کیا گیا اسٹاک مارکیٹ میں لے آئیں۔

وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی طارق بشیر چیمہ اور پنجاب کے سیکرٹری خوراک سے ملاقات کے بعد پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کے چیئرمین ذکا اشرف چوہدری نے اعلان کیا کہ شوگر ملیں 95 روپے فی کلو کے رعایتی نرخ پر چینی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اسٹاک جاری کریں گی۔

وزیراعظم کا ترقیاتی منصوبوں کا دورہ

گزشتہ روز وزیراعظم نے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیا۔

جی ٹی روڈ پر زیر تعمیر فلائی اوور کا دورہ کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز نے گزشتہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شروع کیے گئے ترقیاتی کاموں میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نئے منصوبے شروع کرنے کے بجائے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے شروع کیے گئے منصوبوں کو روک دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کو فلائی اوور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جہاں انہوں نے کام کی سست رفتاری پر برہمی کا اظہار کیا۔

گوجرانوالہ کے عوام کی سہولت کے لیے مجوزہ لاہور-سیالکوٹ موٹروے لنک روڈ کے بارے میں بریفنگ کے دوران وزیراعظم نے اس منصوبے کی تفصیلی تجویز تیار کرنے کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی۔

انہوں نے فیروز پور روڈ پر زیر تعمیر ارفع کریم انڈر پاس اور کلمہ چوک انڈر پاس کا بھی دورہ کیا، دونوں پروجیکٹس کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے تاہم منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے کام ابھی جاری ہے۔

انہیں بتایا گیا کہ کلمہ چوک کو دوبارہ بنانے کے منصوبے میں شامل تمام لنک روڈز آپریشنل ہیں اور باقی کام عید کی چھٹیوں کے بعد مکمل کر لیا جائے گا۔

کوئی جتنا مرضی زور لگالے، الیکشن 14 مئی کو نہیں ہوں گے، وزیر داخلہ

ساجد سدپارہ دنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی بغیر آکسیجن سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے

امریکا: ریاست الاباما میں سالگرہ کی تقریب میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی