دنیا

بھارتی پنجاب میں متنازع سکھ رہنما کی تلاش کی کوششیں اب تک جاری

حکام نے امرت پال سنگھ کے آخری ٹھکانے کا پتا لگانے کے بعد تلاش کا دائرہ پنجاب سے متصل ریاستوں تک بڑھا دیا ہے۔

بھارتی ریاست پنجاب میں متنازع سکھ مذہبی رہنما امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے لیے ریاست بھر میں چھاپے مارے جانے کے 6 روز بعد بھی وہ حکام کی پہنچ سے دور ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ امرت پال سنگھ کے پنجاب کے جنوب میں ہریانہ کے ضلع کروکشیتر میں آخری ٹھکانے کا پتا لگانے کے بعد تلاش کا دائرہ پنجاب سے متصل ریاستوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق امرت پال سنگھ گزشتہ ہفتہ کو پنجاب میں پولیس سے فرار ہونے کے ایک روز بعد کروکشیتر میں تھے۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق اتوار کو ایک خاتون جس نے سکھ رہنما اور ان کے ساتھی پاپل پریت سنگھ کو اپنے گھر میں پناہ دی تھی اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

امرت پال سنگھ ہفتہ کے روز پنجاب کے جالندھر ضلع میں پیچھا کرنے والی پولیس پارٹی کو دھوکا دینے کے بعد سے ڈرامائی طور پر مفرور ہیں، فرار ہونے کے 12 گھنٹے کے اندر اندر انہوں نے پانچ گاڑیاں تبدیل کیں۔

ہفتہ کے روز امرت پال سنگھ کو مرسڈیز ایس یو وی کے اندر دیکھا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے گاڑی اور اپنا لباس دونوں ہی تبدیل کرلیے تھے۔

کچھ فاصلہ طے کرنے کے بعد اس نے گاڑی کو چھوڑ دیا اور پاپل پریت کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہو گئے تھے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق جب موٹر سائیکل کا ایندھن ختم ہو گیا تو دونوں ڈیزل سے چلنے والی تھری وہیلر پر سوار ہوئے اور آگے جا کر ایک اور موٹر سائیکل چوری کر لی۔

اب حکام کا خیال ہے کہ امرت پال سنگھ پہلے ہی ریاست کی سرحدوں کو عبور کر چکے ہیں جبکہ گزشتہ چھ روز کے دوران انہیں تلاش کرنے کی کوششیں پنجاب میں مرکوز تھیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سکھ رہنما کی تلاش کی کوششیں اب مہاراشٹر، ہریانہ اور اتراکھنڈ کی ریاستوں تک بڑھا دی گئی ہیں۔

حکام نے تلاشی کے دوران پنجاب میں گزشتہ ہفتے لگائی گئی انٹرنیٹ بلیک آؤٹ اور موبائل سروس کی پابندیوں کو بھی کم کرنا شروع کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب کے موگا، سنگرور، اجنالہ اور موہالی میں پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں جبکہ ترن تارن اور فیروز پور اضلاع میں پابندیاں 24 مارچ تک بڑھا دی گئی ہیں۔

ایوان صدر میں ہونے والی یوم پاکستان پریڈ منسوخ

امریکا کا مضبوط پاکستانی معیشت کیلئے متحرک کردار ادا کرنے کا عزم

رمضان میں پیٹ کے درد سے نجات کے آسان طریقے