مردان: ساس نے بازار میں خریداری کے دوران بہو کو گولی مار کر قتل کردیا
مردان کے ایک بازار میں ایک خاتون نے خریداری کے دوران اپنی بہو کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تخت بائی تھانے کے حکام نے بتایا کہ گولی چلانے والی 40 سالہ خاتون کی شناخت زیتون کے نام سے ہوئی جو اپنی 25 سالہ بہو کائنات کے ساتھ مقامی بازار میں خریداری کر رہی تھی۔
حکام نے بتایا کہ دونوں خواتین خریداری میں مصروف تھیں کہ اچانک خاتون نے پستول نکالا اور اپنی بہو کے سر میں گولی مار دی۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے متاثرہ خاتون کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال تخت بائی منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
مقتولہ کی ساس قتل کے ارتکاب کے بعد تھانے گئی اور قتل میں استعمال ہونے والی پستول سمیت خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے مقتولہ کے بھائی سلیم خان کی شکایت پر ایف آئی آر درج کر کے کیس کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ شکایت کنندہ نے قتل کا محرک کسی خاندانی تنازع کو قرار دیا ہے۔