پاکستان

جمہوریت مخالف سازشی قوتیں اب تک سرگرم ہیں، مریم نواز

اگر آج ریاست عمران خان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیتی ہے تو ان کی گرفتاری کو کوئی نہیں روک سکتا، سینیئر نائب صدر مسلم لیگ (ن)

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک کو جمہوریت کے خلاف سازشیں کرنے والے کرداروں سے ابھی تک چھٹکارا نہیں ملا ہے، ’بابا رحمت‘ کے پیروکاروں نے اب آر ٹی ایس (رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم) کی جگہ لے لی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وہ گزشتہ روز سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال کے حلقے پھول نگر میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہی تھیں، اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما اور عہدیداران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت مسلم لیگ (ن) کو سیاسی جماعت کے بجائے ایک ’دہشت گرد تنظیم‘ کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست یا حکومت سے زیادہ طاقتور کوئی نہیں، اگر آج ریاست پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیتی ہے تو ان کی گرفتاری کو کوئی نہیں روک سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جدوجہد جاری ہے جو الیکشن جیتنے کے لیے نہیں بلکہ ملک بچانے کے لیے میدان میں ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بزدلوں کی طرح عمران خان گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنے پارٹی کارکنان کو استعمال کر رہے ہیں۔

پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان جھڑپوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے زور دے کر کہا کہ عمران خان کے کارکنان پولیس اہلکاروں پر حملہ آور نہیں ہو رہے بلکہ عدالت اور ملک کے عدالتی نظام کی توہین کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی انصاف کے پیمانے پر توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور یہی ووٹ کی حقیقی عزت ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائز نے دعویٰ کیا کہ صرف ان کی جماعت ہی پاکستان اور اس کی وفاقی اکائیوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب بہادری اور نظریے کی بات کی جائے تو ملک میں کسی اور جماعت کے پاس نواز شریف جیسا لیڈر نہیں ہے۔

بعد ازاں پارٹی کے یوتھ ونگ اور سوشل میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوجوان مسلم لیگ (ن) کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اگر انتخابات میں تاخیر ہوئی تو وہ پھول نگر سے یوتھ ونگ کی تنظیم سازی شروع کریں گی۔

رانا ثنا اللہ نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ ملک 90 کی دہائی میں تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن تھا لیکن آج ایک ایسے شخص کی وجہ سے ملک کو تاریخ کے بدترین بحران کا سامنا ہے جو کسی اور کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوا، ملک میں مہنگائی کی موجودہ لہر پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیوں اور آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کا نتیجہ ہے، ملک کو ان بحرانوں سے مسلم لیگ (ن) نکالے گی۔

دریں اثنا مریم نواز نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں مسلم لیگ (ن) کے لاہور ڈویژن چیپٹر کے تنظیمی ڈھانچے اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، انہوں نے کہا کہ ’ہم الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے کیونکہ ہم نے کبھی سلیکشن کو قبول نہیں کیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کی عزت یقینی بنانے کے لیے مقابلے کا میدان برابر ہونا چاہیے، جب تک یہ توازن پیدا نہیں ہوتا، انصاف نہیں ملے گا، افسوس ہے کہ ’سازشی‘ اب بھی سازشوں میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف وہ لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کا تحفظ کیا، نواز شریف ہمیشہ کارکنوں کے لیے ڈھال بنے لیکن عمران خان اپنےکارکنوں، خواتین اور بچوں کے پیچھے چھپے ہوا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی بیٹی کے ساتھ جیل کی سزا بھگتنے کے لیے لندن سے واپس آئے، ان کا موازنہ ایسے آدمی سے نہیں کیا جا سکتا جو عدالت میں جانے سے بھی ڈرتا ہے’۔

پارٹی کی سینیئر نائب صدر نے کہا کہ ملک کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کی پیش گوئی کرنے والا اب عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کررہا ہے اور ان احکامات کو زمان پارک تک پہنچانے والوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ (ن) پاکستان کی ترقی اور وقار کی ضامن ہے، پارٹی کے بہادر کارکن اس کا فخر ہیں اور ان کی قیادت کرنا میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے‘۔

دریں اثنا حمزہ شہباز نے گزشتہ روز شہر کے تین حلقوں (پی پی 146، پی پی 147 اور پی پی 163) سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔

پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 5 روپے کا اضافہ

ہندی کو ’تیلگو‘ سے زیادہ اہم قرار دینے پر عدنان سمیع کو تنقید کا سامنا

ترکیہ: زلزلہ زدہ علاقوں میں سیلاب سے 14 افراد جاں بحق