پاکستان

گاڑیوں کی فروخت میں 73 فیصد کمی

گاڑیوں کی مجموعی فروخت سالانہ بنیاد پر 73 فیصد کم ہو کر 5 ہزار 762 یونٹس تک رہ گئی۔

آٹو سیکٹر پر سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں اور فروری میں کاروں، وینز، پک اَپس کے علاوہ ہلکی کمرشل گاڑیوں (ایل سی ویز) کی مجموعی فروخت سالانہ بنیاد پر 73 فیصد کم ہو کر 5 ہزار 762 یونٹس رہ گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ تعداد مئی 2020 میں 4 ہزار 500 یونٹس کے بعد ماہانہ فروخت کی سب سے کم تعداد ہے۔

مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران مجموعی فروخت 44 فیصد کم ہو کر ایک لاکھ 57 یونٹس رہ گئی جو مالی سال 2022 کی اسی مدت میں ایک لاکھ 78 ہزار 250 تھی۔

گاڑیوں کی فروخت کی اس تاریک تصویر میں ہونڈائی نشاط کے ٹکسن نے غیر معمولی طور پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا کیونکہ اس نے جنوری کے 620 یونٹس کے مقابلے میں فروری میں 708 یونٹس فروخت کیے۔

مالی سال 2023 کے 8 ماہ میں ٹکسن کی فروخت 60 فیصد بڑھ کر 3 ہزار 558 یونٹس ہوگئی جو مالی سال 2022 کے اسی عرصے میں 2 ہزار 230 یونٹس تھی۔

ایلانٹرا اور سوناٹا کی فروخت فروری میں بڑھ کر 243 اور 197 یونٹس ہوگئی جو جنوری میں بالترتیب 173 اور 191 یونٹس تھی۔

تاہم رواں مالی سال کے 8 ماہ میں ان کی طلب 12 اور 43 فیصد کمی کے بعد ایک ہزار 695 اور 939 یونٹس پر آگئی جب کہ گزشتہ مالی سال میں یہ تعداد ایک ہزار 929 اور ایک ہزار 638 تھی۔

اسی طرح فروری میں ہونڈائی پورٹر کی فروخت 123 یونٹس رہی، جو جنوری کے مقابلے میں 21 فیصد کم ہے جبکہ 8 ماہ کے دوران اس گاڑی کی فروخت 27 فیصد کم ہو کر 846 یونٹس رہ گئی۔

پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی کارکردگی فروری میں 978 یونٹس کی فروخت کے ساتھ اس کے ہم عصروں سے بدتر اور جنوری میں 2 ہزار 945 یونٹس کی فروخت سے 67 فیصد کم رہی۔

تاہم گزشتہ برس فروری میں 12 ہزار 668 یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں رواں برس فروری کی فروخت 92 فیصد کم رہی۔

یوں 45 فیصد کمی کے ساتھ رواں مالی سال کے 8 ماہ میں سوزوکی گاڑیوں کی مجموعی فروخت 52 ہزار 294 یونٹس رہی۔

سوزوکی سوئفٹ کی فروخت گزشتہ مالی سال کے 8 ماہ کے 497 کے مقابلے میں رواں مالی سال کے اسی عرصے میں 7 ہزار 707 یونٹس رہی جبکہ 67 فیصد کمی کے ساتھ کلٹس کی فروخت 5 ہزار 758، 69 فیصد کمی کے ساتھ ویگن آر کی فروخت 4 ہزار 533، 35 فیصد کمی کے ساتھ آلٹو کی فروخت 28 ہزار 202 جبکہ 70 فیصد کمی کے ساتھ بولان اور راوی کی فروخت بالترتیب 3 ہزار 83 اور 3 ہزار 11 رہی۔

عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق، انڈس موٹر کمپنی آئی ایم سی کی فروخت جنوری کے 3 ہزار 570 کے مقابلے فروری میں 49 فیصد کم ہوکر ایک ہزار 803 یونٹس رہ گئی، جبکہ کمپنی نے فروری 2022 میں 4 ہزار 630 یونٹس فروخت کیے تھے۔

اسی طرح رواں مالی سال کے 8 ماہ میں ٹویوٹا کرولا اور یارس کی فروخت گزشتہ مالی سال کے 14 ہزار 875 یونٹس کے مقابلے میں 61 فیصد کم ہو کر 14 ہزار 875 یونٹس رہ گئی جبکہ فارچیونر اور ہائیلکس کی فروخت گزشتہ مالی سال کے 8 ماہ میں فروخت ہوئے 11 ہزار 119 یونٹس کے مقابلے میں 21 فیصد کم یعنی 8 ہزار 805 یونٹس رہی۔

علاوہ ازیں مالی سال 2023 کے آٹھ ماہ میں ہونڈا سوک/سٹی کی فروخت 50 فیصد کم ہو کر 11 ہزار 770 یونٹس رہ گئی جو گزشتہ مالی سال میں 23 ہزار 552 فروخت ہوئی تھیں۔

گزشتہ ماہ میں ان دونوں گاڑیوں کی فروخت ایک ہزار 244 رہی جو کہ جنوری میں ایک ہزار 620 یونٹس اور فروری 2022 میں 2 ہزار 286 تھی۔

علاوہ ازیں فروری میں ہونڈا بی آر وی کی فروخت جنوری کے ایک ہزار 84 یونٹس کے مقابلے 64 فیصد کمی کے بعد 392 یونٹس پر پہنچنے کے باوجود صارفین نےگزشتہ مالی سال کے 8 کے 2 ہزار 807 یونٹس کے مقابلے رواں مالی سال کے اسی عرصے میں 3 ہزار 673 یونٹس خریدے۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مسائل نظر انداز کرنے پر حکومت پر سخت تنقید

گوادر کو 100 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کیلئے ایران کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

توشہ خانہ سے 300 ڈالر سے زائد مالیت کا تحفہ حاصل کرنے پر پابندی عائد