پاکستان

اسلام آباد: غیر ملکی خاتون کے ریپ کے جرم میں سیکیورٹی گارڈ کو عمر قید

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے سے وابستہ غیر ملکی خاتون کا ریپ اسلام آباد میں ان کے گھر کے سیکیورٹی گارڈ نے کیا، پولیس

اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے سے وابستہ غیر ملکی خاتون کے ریپ کے جرم میں نجی سیکیورٹی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 6 جون 2022 کو آبپارہ پولیس کو غیر ملکی خاتون کی جانب سے ایک درخواست موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ اس کے گھر کے سیکیورٹی گارڈ نے اس کا ریپ کردیا ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر نے کے بعد تکنیکی اور انسانی وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی جس کی شناخت محمد سفیر کے نام سے ہوئی۔

شواہد اکٹھے کر کے پولیس نے چالان عدالت میں جمع کرایا جہاں اسے مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنادی گئی، ایڈیشنل سیشن جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عمر قید کی سزا ملزم پر تاحیات برقرار رہے گی۔

آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور تفتیشی ٹیم کے لیے انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 9 جون کو ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی تنظیم سے وابستہ غیر ملکی خاتون کو ان کے سکیورٹی گارڈ نے مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنادیا تھا۔

متاثرہ خاتون نے اپنی رہائش گاہ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ کے خلاف شکایت درج کرانے کے لیے آبپارہ پولیس سے رابطہ کیا تھا جس پر انہوں نے اپنے ریپ کا الزام عائد کیا تھا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون گزشتہ برس 10 جنوری سے پاکستان میں کام کر رہی تھیں، ایف آئی آر کے مطابق مذکورہ گارڈ گزشتہ برس 11 مارچ سے اسلام آباد میں متاثرہ خاتون کی رہائش گاہ پر تعینات تھا، واقعے کے روز وہ خاتون کے بیڈ روم میں داخل ہوا اور انہیں زیر کرکے گلا گھونٹنے کی کوشش کی اور بعد ازاں ان کا ریپ کردیا۔

توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک، تحائف لینے والوں میں اہم شخصیات کے نام شامل

انوشے اشرف نے رمضان سے قبل سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی

امریکی پینل کی گجرات میں مودی کے اقدامات پر تنقید