پاکستان

ڈی جی نیب لاہور کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، خدمات حکومت پنجاب کے سپرد

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور علی سرفراز حسین کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی خدمات فوری طور پر پنجاب حکومت کو سونپ دی گئی ہیں۔
|

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو (نیب) نیب لاہور علی سرفراز حسین کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی خدمات پنجاب حکومت کو سونپ دی ہیں۔

حکومت پاکستان کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے 21ویں گریڈ کے افسر ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور علی سرفراز حسین کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور ان کی خدمات فوری طور پر پنجاب حکومت کو سونپ دی گئی ہیں۔

علی سرفراز کو گزشتہ سال نومبر میں مرزا سلطان محمد سلیم کی جگہ ڈی جی نیب لاہور کا عہدہ سونپا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ 21 فروری کو چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

نجی نیوز چینل ’جیو‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ آفتاب سلطان نے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دے دیا کہ ’کچھ چیزیں کرنے کا کہا گیا جو میرے لیے ناقابل قبول تھیں‘۔

حکومت کی جانب سے سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان کے استعفے کے بعد ظاہر شاہ کو قائم مقام چیئرمین نیب تعینات کیا گیا تھا۔