پاکستان

چینی ترقیاتی بینک سے 70 کروڑ ڈالر پاکستان کو موصول

چین کے ترقیاتی بینک کے بورڈ نے رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد 70 کروڑ ڈالر کی سہولت کی منظوری دی تھی۔

چین کے ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر موصول ہو گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے بتایا کہ الحمداللہ، چین کے ترقیاتی بینک کی جانب سے 70 کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ 22 فروری کو اسحٰق ڈار نے بتایا تھا کہ چین کے ترقیاتی بینک کے بورڈ نے رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد 70 کروڑ ڈالر کی سہولت کی منظوری دے دی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اس ہفتے موصول ہونے کی توقع ہے جس سے اس کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کو فنڈز کی شدید ضرورت ہے کیونکہ اسے معاشی بحران کے چیلنجز درپیش ہیں جبکہ مرکزی بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر کے قریب ہیں، جس سے بمشکل تین ہفتے کی درآمدات کی جاسکتی ہیں۔

حکومت عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ بیل آؤٹ کے لیے ورچوئل مذاکرات کر رہی ہے جس کے تحت پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط ملے گی، اس کے علاوہ دوست ممالک اور کثیر الاقوامی مالیاتی اداروں سے فنڈز ملنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

اسحٰق ڈار نے رواں سال کے آغاز میں کہا تھا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال جون کے اختتام تک توقع سے بہت بہتر ہوگی۔

انہوں نے کہا تھا کہ چین اور سعودی عرب اپنی حمایت میں اضافہ کریں گے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پہلے کے تخمینے سے تقریباً 3 ارب ڈالر کم ہو جائے گا۔

پاکستانی، افغان حکام کے مذاکرات کے بعد طورخم سرحد جزوی طور پر کھول دی گئی

امریکا نے روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کر دیں

کانزفلم فیسٹیول2023 کیلئے دو پاکستانی فلمیں منتخب