پاکستان

ڈیرہ مراد جمالی: مقامی عدالت کے احاطے میں فائرنگ سے 3 افراد زخمی

ایس ایس پی نصیر آباد نے فوری طور پر عدالتی احاطے میں تعینات اے ایس آئی کو فرائض سے غفلت برتنے پر معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

ڈیرہ مراد جمالی میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے احاطے میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت عبدالستار اور 2 راہ گیروں محمد ایوب عمرانی اور کریم بخش گورشانی کے نام سے ہوئی جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے فوری بعد ڈی آئی جی نصیر آباد رینج عبدالحئی بلوچ، اور ایس ایس پی میر حسین احمد لہری پولیس فورس کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچ گئے۔

ایس ایس پی نصیر آباد نے فوری طور پر عدالتی احاطے میں تعینات اے ایس آئی کو فرائض سے غفلت برتنے پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

قبل ازیں پشاور ہائی کورٹ کے احاطے میں واقع بار روم میں فائرنگ سے سینئر وکیل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر لطیف آفریدی جاں بحق ہوگئے تھے۔

نومبر 2022 میں فیصل آباد میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پولیس اہلکار نے اپنے2 مخالفین کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی بھی ہوگیا تھا۔

پورٹس پر پھنسے 5 ہزار 630 کنٹینرز کی کلیئرنس تاحال تعطل کا شکار ہے، کراچی چیمبر

سپریم کورٹ کا 2005 کے زلزلہ متاثرین کیلئے فنڈز کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم

آئی ایم ایف سے مذاکرات حتمی مرحلے میں، گیس اور بجلی کے نرخ میں فوری اضافہ درکار