دنیا

امریکی ریاست ورجینیا کے اسکول میں 6 سالہ بچے کی فائرنگ، ٹیچر شدید زخمی

ساحلی شہر نیوپورٹ نیوز کے رچنیک ایلمینٹری اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تاہم طلبہ محفوظ رہے، رپورٹ

امریکی ریاست ورجینیا میں ایک ایلمینٹری اسکول میں 6 سالہ بچے کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ٹیچر شدید زخمی ہو گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ واقعہ ساحلی شہر نیوپورٹ نیوز کے رچنیک ایلمینٹری اسکول میں پیش آیا، جس میں تمام طلبہ محفوظ رہے۔

مقامی پولیس چیف اسٹیو ڈریو نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ 6 سالہ طالب علم اس وقت پولیس کی حراست میں ہے، مزید بتایا کہ یہ حادثاتی فائرنگ نہیں تھی۔

پولیس نے بتایا کہ متاثرہ ٹیچر کی عمر 30 سال سے زائد ہے اور ان کو جو زخم آئے ہیں، اس سے ان کی جان بھی جا سکتی ہے۔

شہر کے سپرنٹنڈنٹ آف اسکولز جارج پارکر نے بتایا کہ میں صدمے میں ہوں اور مایوس ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کمیونٹی کی حمایت کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کی بندوقوں تک رسائی نہ ہو اور اس کو یقینی بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ 15 نومبر کو ڈان کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ایڈاہو اور ورجینیا میں 2 یونیورسٹی کیمپسز میں پرتشدد واقعات میں 7 طلبہ جاں بحق ہوگئے تھے۔

اسی طرح 25 مئی کو امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں 18 سالہ بندوق بردار نے کلاس رومز میں جا کر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم 19 بچے ہلاک ہو گئے تھے۔

گن وائلنس ڈیٹا بیس کے مطابق امریکا میں گزشتہ برس فائرنگ سے متعلق واقعات میں 44 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے، جس میں سے تقریباً آدھے قتل، حادثات اور اپنے دفاع کے کیسز تھے اور نصف خودکشی کے واقعات تھے۔

پی ٹی آئی حکومت برطرف کرنے میں جنرل باجوہ سمیت چند جرنیلوں نے کردار ادا کیا، فواد چوہدری

حکومت آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط پوری کرے گی، وزیراعظم شہباز شریف

اسٹریٹ کرائمز قانون نافذ کرنے والوں کیلئے بڑا چیلنج ہے، کراچی پولیس چیف کا اعتراف