پاکستان

این ای ڈی یونیورسٹی کے طالبعلم کے قتل میں ملوث ملزم اپنے ہی ساتھی کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک

وفاقی اردو یونیورسٹی کے قریب پولیس مقابلے کے دوران 'اپنے فرار ہونے والے ساتھی کی فائرنگ سے' گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔

کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی کے نوجوان طالبعلم کے قتل میں ملوث ملزم مبینہ پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

کراچی پولیس نے دعویٰ کیا کہ یونیورسٹی روڈ پر مزاحمت پر این ای ڈی یونیورسٹی کے نوجوان طالب علم کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث مشتبہ ڈاکو گلشن اقبال میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ’اپنے فرار ہونے والے ساتھی کی فائرنگ سے‘ گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ ملزم کی شناخت جمعہ خان کے نام سے ہوئی ہے جو گلشن اقبال میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے قریب مقابلے کے دوران ہلاک ہو گیا اور ہلاک ہونے والا ملزم پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔

عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ 15دسمبر کو مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آںے والے ڈکیتی کے افسوسناک واقعے میں این ای ڈی یونیورسٹی کے باہر سڑک کنارے ہوٹل میں بیٹھے چند افراد کو مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ لیا تھا، این ای ڈی کے طالب علم بلال نے ’بہت بہادری سے‘ ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا لیکن ان کی فائرنگ سے نوجوان شہید ہو گیا تھا۔

مبینہ ٹاؤن تھانے میں قتل اور ڈکیتی کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ 15دسمبر کو پولیس مقابلے کے دوران پولیس نے واقعے میں ملوث ایک مشتبہ ملزم نظام الدین کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ہلاک ہونے والا ملزم جمعہ خان عرف لالی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اطلاع ملنے پر اردو یونیورسٹی کے قریب جمعہ خان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا جس کے بعد ملزمان سے مقابلہ ہوا، مشتبہ شخص نے سیدھی پولیس پر گولی چلائی جس نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی۔

ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ پولیس مقابلے کے دوران ملزم جمعہ خان اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے مارا گیا جو جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک 30 بور کا پستول برآمد کر لیا جو جمالی پل کے علاقے کا رہائشی تھا اور انتہائی مطلوب ملزم تھا۔