لائف اسٹائل

شاہ رخ کے ساتھ گانے میں دپیکا پڈوکون کے زعفرانی رنگ کے لباس پر بی جے پی کا ہنگامہ

شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کے گانے کی شوٹنگ غلیظ سوچ کے ساتھ کی گئی،فلم میں تبدیلیاں نہیں کی گئیں تو پابندی عائدکریں گے، بی جے پی رہنما

بھارت کے سُپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’پٹھان‘ کا گانا ’بے شرم رنگ‘ ریلیز ہونے کے بعد کئی تنازعات کا شکار ہے اور وہیں اب گانے میں دپیکا پڈوکون کے زعفرانی رنگ کے لباس پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہنگامہ کھڑا کردیا ہے۔

شاہ رُخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کا حال ہی میں ریلیز ہونے والا گانا ’بے شرم رنگ‘ آج کل سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے، کئی صارفین گانے پر میمز بنا کر مزے لے رہے ہیں تو کہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ میں بھارتی اداکاراؤں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

گانا ریلیز ہونے کے ساتھ ہی فلم کے بائیکاٹ کے ساتھ ’بے شرم رنگ‘ اور ’دپیکا‘ کے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرنے لگے۔

بی جے پی کے رہنما اور مدھیا پردیش کے وزیر داخلہ ناروتم مِشرا نے کہا کہ ’گانے کی شوٹنگ غلیظ سوچ کے ساتھ کی گئی ہے‘۔

یہ گانا حال میں ہی ریلیز کیا گیا جس میں دپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان اسپین میں ساحل کے کنارے گانے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، سوشل میڈیا صارفین نے دپیکا پڈوکون کے ’زعفرانی رنگ کے لباس‘ پر شدید تنقید کی۔

بھارتی نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق ناروتم مشرا کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں جس قسم کے لباس کا انتخاب کیا گیا ہے کہ وہ قابل اعتراض ہے، ویڈیو سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پٹھان فلم کے گانے کی شوٹنگ غلیظ سوچ کے ساتھ کی گئی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نہیں سمجھتا کہ یہ درست ہے، میں فلم کے ڈائریکٹر سمیت پوری ٹیم کو کہوں گا کہ فلم میں قابل اعتراض مواد ہٹائے جائیں، ورنہ فوری کارروائی کریں گے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گانے کا نام ’بے شرم رنگ‘ بھی قابل اعتراض ہے۔

ناروتم مشرا نے کہا کہ ’گانے میں جس طرح سبز اور زعفرانی رنگ پہنا گیا ہے اس کے علاوہ گانے کے سُر سمیت فلم کا ٹائٹل بھی نامناسب ہیں۔ ’

ریاستی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اگر فلم میں تبدیلی نہیں کی گئی تو ہم مدھیا پردیش میں فلم کی ریلیز پر نظر ثانی کریں گے’۔

واضح رہے کہ فلم ’پٹھان‘ اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز ہوگی، فلم میں جان ابراہم، ہریتھک روشن، ڈمپل کپاڈیہ، آشوتوش رانا اور سلمان خان بھی اپنے جوہر دکھائیں گے۔

سال 2022: وہ شوبز شخصیات جن کی شادیاں ختم ہوئیں

برہنہ فوٹوشوٹ کروانے پر ماڈل ایمل خان کو تنقید کا سامنا

’میرا دل یہ پکارے آجا‘ فیم گرل نے ماڈلنگ شروع کردی