پاکستان

فوجی تعیناتیوں میں مداخلت کرنے پر شیری رحمٰن کی پی ٹی آئی پر تنقید

عمران خان نے صدر مملکت کو لاہور بلایا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ تحریک انصاف اب بھی اہمیت کی حامل ہے، وزیر موسمیاتی تبدیلی

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے نئے آرمی چیف کے تقرر کے عمل میں مداخلت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جنرل عاصم منیرکو بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو بطورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نامزد کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے نئے آرمی چیف اور نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا انتخاب کیا اور تقرریوں کی منظوری کے لیے سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھیجی گئی۔

ابتدائی طور پر افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ صدر مملکت عارف علوی تقرریوں پر نظر ثانی کے لیے سمری وزیراعظم کو دوبارہ بھیجیں گے، تاہم صدر مملکت کی لاہور میں سابق وزیر اعظم عمران خان سے 45 منٹ طویل ملاقات کے بعد عارف علوی نے بغیر کسی تاخیر کے سمری پر دستخط کردیے اور تقرریوں کی منظوری دے دی۔

دوسری جانب آج صبح وزارت دفاع نے جنرل عاصم منیر کو چیف آف آرمی اسٹاف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعینات کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیری رحمٰن نے فوجی تعیناتیوں پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی صدر عارف علوی سے ملاقات پر عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے صدر مملکت کو لاہور بلایا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ پاکستان تحریک انصاف اب بھی اہمیت کے حامل ہیں۔

شیری رحمٰن نے کہا جب آصف زرداری ملک کے صدر تھے تو عدالتیں انہیں نوٹس جاری کرتی تھیں اور سیاسی کارکنان سے ملاقات کرنے سے بھی روکا جاتا تھا، لیکن پی ٹی آئی سیاسی معاملات اور اہم تعیناتیوں میں مداخلت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان میں تباہ کن سیلاب آیا اور ہزاروں شہری بے گھر ہوگئے تو اسی دوران عمران خان اور ان کی جماعت نے لانگ مارچ کا اعلان کیا۔

وفاقی وزیر نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ اور فلاح کے لیے کام کرنے کے بجائے پی ٹی آئی جس طرح اسلام آباد میں لانگ مارچ کر رہی ہے کیا انہیں معلوم ہے کہ ان کے اقدام سے عوام کتنی پریشان ہے؟ کیا انہیں معلوم ہے کہ سیلاب سے ملک کو کس طرح بحال کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان موسم سرما میں سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، دوسری جانب پی ٹی آئی اس صورتحال میں صرف سیاست کر رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پوری دنیا عمران خان کے لانگ مارچ کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے، اس مشکل صورتحال میں بھی عمران خان لانگ مارچ کیوں کر رہے ہیں؟

اسٹار برازیلین فٹبالر نیمار انجری کا شکار، ورلڈ کپ کے بقیہ میچز میں شرکت مشکوک

وزیراعظم 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

اسٹیٹ بینک کے ذخائر کم ہو کر 7 ارب 80 کروڑ ڈالر رہ گئے