پاکستان

چمن میں افغان حدود سے فائرنگ، دوطرفہ تجارت معطل

افغان حدود سے نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔

بلوچستان میں پاک افغان سرحدی شہر چمن میں افغان حدود سے نامعلوم مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے جس کے بعد پاک افغان سرحد کوغیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز (15نومبر کو) افغان حدود سے فائرنگ کے بعد پاکستانی اور افغان فورسز کے درمیان ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا، افغانستان کی سرحد سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق افغان حدود میں 5 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ 14 زخمی ہوگئے، 7 زخمی افراد کو قندھار ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک افغان سرحد: فائرنگ کے نتیجے میں 3 شہری جاں بحق

واقعے کے بعد سرحد کو بند کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان افغان ٹرانزٹ تجارت معطل ہوگئی ہے۔

چمن کے ڈپٹی کمشنر عبدالحمید زہری نے پاک افغان سرحد کو بند کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص نے افغان سرحد سے پاکستانی حدود کے فرینڈ شپ گیٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نیتجے میں ایک فوجی اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد افغان اہلکاروں کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، جواب میں سرحد پر تعینات پاکستان فورسز کی جانب سے بھی بھرپور کارروائی کی گئی۔

سرکاری عہدیدار کے مطابق پاکستانی سرحدی حکام نے فوری طور پر افغان فورسز کا فلیگ شپ اجلاس طلب کیا اور مطالبہ کیا کہ پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے لیکن افغان حکام نے مسلح شخص کو پاکستانی حکام کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔

عہدیدار کے مطابق گزشتہ شام ایک بار پھر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔

مزید پڑھیں: پاک-افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ، افغان ناظم الامور سے احتجاج

ڈپٹی کمشنرعبدالحمید زہری کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد اس وقت کھولی جائے گی جب افغان حکام کی جانب سے واقعے میں ملوث مسلح شخص کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

واقعے میں شہید فوجی اہلکار کی شناخت رحمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، شہید کی نماز جنازہ ایف سی ہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی۔

عہدیدار کاکہنا تھاکہ پاکستانی حکام نے سرحد پر حفاظتی انتظامات میں اضافہ کردیا ہے جبکہ واقعہ کے بعد کسی بھی شخص کو سرحد کے پار جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

فائرنگ کے بعد دونوں جانب بارڈر مکمل طور پر بند کر دیا گیا جس سے فرینڈ شپ گیٹ کے ذریعے تجارت بھی معطل ہوگئی، دونوں اطراف سرحد پر سامان سے لدے ٹرکوں اور کنٹینروں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

افغانستان: افغان خواتین کے جم، حمام میں جانے پر بھی پابندی عائد

امریکا وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کو سینیٹ میں برتری حاصل

اقوام متحدہ کا حکومتوں پر غذائی تحفظ کیلئے ’فوڈ کولڈ چینز‘ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے پر زور