پاکستان

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بیان میں کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 30 ستمبر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سرحد پار افغانستان سے دہشت گردوں کی جانب سے ہونے والی فائرنگ میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا تھا

اسی طرح 26 ستمبر کو پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 فوجی جوان شہید جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک ہوا تھا۔

آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔

خیال رہے کہ 23 ستمبر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت اور سوات کے علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئیں مختلف کارروائیوں میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے اور بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی جنوبی وزیرستان میں کارروائی، 10 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پاک فوج کے ساتھ مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ لکی مروت کے علاقے شیخ بدین کی پہاڑیوں میں پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت محسوس کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

یاد رہے کہ 19 ستمبر جاری بیان میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا (کے پی) کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا تھا۔

ٹرمپ کی رہائش گاہ سے برآمد دستاویزات چین، ایران کی حساس معلومات پر مبنی ہونے کا انکشاف

بجلی کی اضافی پیداواری صلاحیت 2030 تک صارفین کیلئے 16 کھرب روپے کا بوجھ بن جائے گی

’کمپنی کو نقصان ہو رہا ہے‘، دواساز ادارے کا پیناڈول کی پیداوار روکنے کا اعلان