پاکستان

پشاور: عمران خان نے کارکنان سے آزادی مارچ سے متعلق حلف لے کر تیار رہنے کی ہدایت کردی

آج سے آپ تیاری شروع کریں، میں 5 یا 6 دن میں کبھی بھی کال دوں گا آپ کو تیار رہنا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور کے دورے میں کارکنان سے ’حقیقی آزادی مارچ‘ کے حوالے سے حلف لیتے ہوئے انہیں تیار رہنے کی ہدایت کردی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا دورۂ پشاور کے دوران قائدین، عہدیداروں، تحصیل و ولج کونسل ممبران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو یہ لوگ باہر چلے گئے اور وہاں بیٹھ کر دشمن سے ملکر سازش شروع کی جو نہیں چاہتے تھے کہ عمران خان اقتدار میں رہے کیونکہ میں ایک آزاد خارجہ پالیسی بنا رہا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ ان لوگوں نے باہر سے بیٹھ کر کچھ اندر بیٹھے غداروں کے ساتھ مل کر امریکا کی سازش کے ساتھ ہماری حکومت گرائی اور سب سے پہلی بات یہ کی عمران خان نے مہنگائی بہت کی ہے اس لیے ہم ان کی حکومت گرانا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: آڈیو لیکس، وزیراعظم کی سیکیور لائن کی ٹیپس بنائی گئیں جو دشمنوں کے پاس پہنچ گئی ہیں، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ جب یہ اقتدار میں آئے تو 50 برسوں میں جو سب سے ریکارڈ مہنگائی ہوئی وہ ان چار مہینوں میں ہوئی اور حساس قیمت انڈیکس ہمارے زمانے میں 16 فیصد تھی جو آج 45 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ نہ تو معیشت ٹھیک کرنے آئے تھے، نہ ہی مہنگائی کم کرنے آئے تھے مگر یہ سارے چور صرف ایک ہی کام یعنی اپنی چوری چھپانے اور کیسز ختم کرنے آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بات سیاسی لوگوں سے ہی ہوگی مجرموں کے ساتھ نہیں، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ لندن میں نواز شریف اور مریم نواز کے اس علاقے میں فلیٹس ہیں جہاں برطانوی وزیر اعظم بھی نہیں رہ سکتا، یہ مہنگا ترین علاقہ ہے اور نواز شریف اسمبلی میں بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ وہ ان کے فلیٹس ہیں، حسین نواز نے کہا کہ ان کے فلیٹس اور اب مریم نے عدالت میں کہہ دیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ثابت کرے کہ یہ ان کے فلیٹس ہے جبکہ نیب پر انہوں نے اپنا بندہ بٹھا دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اسحٰق ڈار ملک سے اس لیے بھاگا تھا کہ 2017 میں ان کے اثاثے 70 لاکھ روپے تھے اور جب نیب نے بلا کر پوچھا کہ 90 کروڑ کیسے بن گئے ہیں تو وہ جہاز پر چڑھ کر ملک سے باہر بھاگ گیا اور اب اس کو واپس لائے ہیں اب نواز شریف بھی واپس آئے گا اور سارے کیسز ختم ہو جائیں گے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی معافی قبول، توہین عدالت کا شوکاز نوٹس خارج

انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش یہ ہے کہ حکومت میں بیٹھیں، تحریک انصاف کے خلاف مقدمے بنائیں اور عمران خان کو نااہل کریں یا کسی طرح جیل میں ڈالیں مگر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ اپنے ملک کی حقیقی آزادی کے جہاد کا وقت ہے اور یہ تیاری ملک کے مستقبل بچانے کے لیے ہے اور میں ہر علاقے کے منتخب نمائندے سے فہرست لوں گا کہ مارچ میں کتنے لوگ لائیں گے۔

اس موقع پر عمران خان نے سابق گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کو کارکنان سے حلف لینے کا کہا جس پر شاہ فرمان نے جلسے میں موجود شرکا سے حلف لیا جس کا متن کچھ اس طرح ہے کہ’ ہم اللہ کو حاضر و ناظر جان کر حلف اٹھاتے ہیں کہ پاکستان کے آئین کی پاسداریں کریں گے اور اس کی حفاظت کریں گے، اور یہ کہ ہم حقیقی آزادی تحریک کو جہاد سمجھ کر اس میں حصہ لیں گے، اور ہر قسم کی قربانی دیں گے، اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو۔’

حلف کے بعد عمران خان نے شرکا سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’آج سے آپ کی تیاری شروع ہوگی اور میں 5 یا 6 دن میں کبھی بھی کال دوں گا آپ کو تیار رہنا ہے۔ ’

فزکس کا نوبیل انعام تین سائنسدانوں کے نام

پاکستان-انگلینڈ ٹی20 سیریز میں ریکارڈز کی بھرمار

انتظار ختم ’بلیک پینتھر: واکنڈا فار ایور‘ کا ٹریلر ریلیز