پاکستان

سندھ: ستمبر میں ڈائریا کے 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

رواں سال صوبے میں ڈائریا کے کُل 8 لاکھ 91 ہزار 915 کیسز ریکارڈ کیے گئے، ستمبر میں 2 لاکھ 19 ہزار 707 کیسز سامنے آئے، محکمہ صحت

ستمبر میں سندھ میں بچوں میں مضر صحت پانی کے باعث ڈائریا کے 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جو رواں سال کسی بھی ماہ کے دوران سامنے آنے والی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے ہفتے روز جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال صوبے میں ڈائریا کے کُل 8 لاکھ 91 ہزار 915 کیسز ریکارڈ کیے گئے، ان رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے صرف ستمبر میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 19 ہزار 707 کیسز سامنے آئے جن میں 5 سال سے کم عمر کے بچوں میں ایک لاکھ 3 ہزار 139 اور پانچ سال سے زیادہ عمر کے بچوں میں ایک لاکھ 16 ہزار 568 مریض شامل ہیں۔

اس بیماری کے باعث گزشتہ ماہ 8 افراد زندگی کی بازی ہار کر منہ کے موت میں چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرین کی تعداد دستیاب اعدادوشمار سے زیادہ ہونے کا انکشاف

اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ صوبے کے ہسپتالوں میں پہلے ہی مضر صحت پانی کے باعث ہونے والے ڈائریا کے کیسز کا بوجھ بہت زیادہ ہے، جنوری سے اس بیماری کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا جب کہ زیادہ تر اضلاع میں غیر معمولی بدترین مون سون بارشیں دیکھی گئیں۔

ماہرین صحت نے ڈائریا کیسز کی بڑی تعداد کی ایک وجہ ہیٹ ویو کو بھی قرار دیا ہے اور اس کی وجہ یہ بتائی ہے کہ اس موسم کے دوران یہ بیماریاں پھیلانے والے جراثیم زیادہ پائے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ موسم گرما میں ایک طرف تو پانی کا استعمال بڑھ جاتا ہے اور دوسری جانب عوام کو خاص طور پر سیلاب زدہ علاقوں میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں۔

صوبے میں مارچ کے مہینے میں 5 سال سے کم عمر بچوں میں ڈائریا کے 19 ہزار 323 کیسز رپورٹ ہوئے، اپریل میں 53 ہزار 258 کیسز سامنے آئے جب کہ مئی میں 48 ہزار 960 کیسز، جون میں 47 ہزار 23 کیسز، جولائی میں 49 ہزار 368 اور اگست میں 99 ہزار 629 کیسز رپورٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: ملک کے کچھ حصوں میں غذائی تحفظ کی صورتحال بدتر ہونے کا اندیشہ

رواں سال سندھ میں پانچ سال سے زائد بچوں میں مجموعی طور پر ڈائریا کے 4 لاکھ 71 ہزار 215 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے مارچ میں 17 ہزار 957 کیسز رپورٹ ہوئے، اپریل میں 59 ہزار 92 کیسز سامنے آئے، مئی میں 58 ہزار 362 کیسز رپورٹ ہوئے، جون میں 60 ہزار 456 کیسز، جولائی میں 56 ہزار 385 اور اگست میں ایک لاکھ 2 ہزار 395 کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ان سامنے آنے والے ڈائریا کیسز کا ایک بڑا حصہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رپورٹ ہو رہا ہے جہاں لوگ بھوک اور بیماریوں کے نشانے پر ہیں۔

یکم جولائی سے اب تک ملک میں بے گھر ہونے والے افراد کے کیمپوں میں ڈائریا کے مجموعی طور پر 6 لاکھ 88 ہزار 288 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

’جوائے لینڈ‘ پاکستان کی جانب سے ’آسکر‘ کے لیے منتخب

مشہور جاپانی ریسلر، سیاست دان انتونیو انوکی انتقال کرگئے