کاروبار

رواں مالی سال پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 3.5 فیصد رہ جانے کا خدشہ

بڑے پیمانے پر تباہ کن سیلاب نے ملک کے معاشی منظرنامے کے لیے خطرہ بڑھا دیا ہے، کنٹری ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح مالی سال 2022 میں تقریباً 6 فیصد تک پہنچ گئی تھی تاہم دوہرے ہندسے پر پہنچتی مہنگائی کی شرح، موسمیاتی تبدیلی اور سخت پالیسیوں کی وجہ سے رواں مالی سال میں یہ 3.5 فیصد تک رہ جانے کا خدشہ ہے۔

ایشین ڈیولپمنٹ آؤٹ لُک کی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے تباہ کن سیلاب، پالیسیوں میں سختی اور اقتصادی اور بیرونی عدم توازن سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کے پیش نظر ملکی ترقی کی شرح 4.5 سے 3.5 فیصد تک رہنے کا تخمینہ ظاہر کیا ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2022 میں نجی کھپت، زراعت، خدمات اور خاص طور پر بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ میں توسیع کے باعث شرح نمو زیادہ ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب متاثرین کیلئے بڑے امدادی پیکج کا اعلان

پاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یے نے کہا کہ بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے والے حالیہ سیلاب نے ملک کے معاشی منظرنامے کے لیے خطرہ بڑھا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی امداد سیلاب کے بعد تعمیر نو اور اقتصادی اصلاحات کو مؤثر بنائیں گی، ترقی کی شرح میں اضافہ کریں گی اور متاثرین کے تحفظ کے لیے سماجی اور ترقیاتی اخراجات فراہم کریں گی۔

ایک نیوز ریلیز میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ پاکستان کا معاشی منظرنامہ سیاسی استحکام کی بحالی اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کے مطابق اصلاحات کے باقاعدہ نفاذ سے تشکیل پائے گا۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو رواں سال 2 ارب ڈالر فراہم کرنے کا عندیہ

مالی سال 2022 میں نجی کھپت میں 10 فیصد اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں روزگار کے حالات میں بہتری اور گھریلو آمدنی میں اضافہ ہوا، زراعت اور لائیو اسٹاک کی مضبوط کارکردگی کی وجہ سے مالی سال 2022 میں زرعی پیداوار میں 4.4 فیصد اضافہ ہوا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی اپ ڈیٹ میں کہا گیا کہ مالیاتی ایڈجسٹمنٹ اور مالیاتی تناؤ سے مالی سال 2023 میں گھریلو طلب میں کمی آنے کا امکان ہے جو روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے صنعت کی پیداوار کو کم کرے گا۔

اس میں کہا گیا کہ مالی سال 2023 میں مہنگائی کا دباؤ برقرار رہے گا جس کی شرح 18 فیصد تک بڑھ جانے کا خدشہ ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے اپ ڈیٹ میں نتیجہ اخذ کیا گیا کہ ملک کے معاشی منظرنامے کو درپیش خدشات کی وجہ سیلاب کے علاوہ عام انتخابات کا وقت نزدیک آنا، مہنگائی کی شرح بلند ہونا اور خوراک اور توانائی کی عالمی قیمتوں میں امکان سے زیادہ اضافہ ہے۔

سندھ: سیلاب زدہ علاقوں میں گیسٹرو سمیت دیگر بیماریاں پھیلنے سے مزید 6 افراد جاں بحق

معروف بھارتی کامیڈین راجو شری واستو 58 برس کی عمر میں چل بسے

مہسا امینی کی موت پر ایران بھر میں پُرتشدد مظاہرے، 3 افراد ہلاک