پاکستان

کراچی: ایوب گوٹھ میں شہری نے مزاحمت کے دوران ڈکیت کو ہلاک کردیا

چار مشتبہ ڈکیتوں نے ایوب گوٹھ میں 30 سالہ شہری شاہد نواز کو لوٹنے کی کوشش کی، پولیس

کراچی کے علاقے ایوب گوٹھ میں ڈکیتی کا نشانہ بننے والے شہری نے ایک مشتبہ ڈکیت کو گولی مار کر ہلاک کردیا جبکہ اس کے دیگر دو ساتھیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

سہراب گوٹھ تھانے کے ایس ایچ او سید ولایت شاہ نے کہا کہ چار مشتبہ ڈکیتوں نے ایوب گوٹھ میں 30 سالہ شہری شاہد نواز کو لوٹنے کی کوشش کی۔

ایس ایچ او نے کہا کہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر انہوں نے شہری پر گولی چلا کر زخمی کردیا مگر زخمی شہری نے اپنا پستول نکال کر ڈکیت پر بھی گولی چلا دی، جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: گھروں میں ڈکیتی، مزاحمت پر خاتون ڈاکٹر اور پولیس افسر کا گارڈ قتل

ایس ایچ او نے کہا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور دو ڈکیتوں کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت کلیم اللہ اور رضی اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے تاہم جاں بحق ڈکیت کی لاش عباسی شہید ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پی ٹی آئی سے وابستہ 'صحافی' قتل

دریں اثنا، ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے کہا کہ زخمی شہری کو علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کراچی پولیس چیف ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جاوید اوڈھو نے واقعے کے فوری بعد زخمی شہری شاہد نواز کو 50 ہزار نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔

جاوید اوڈھو نے شہریوں کے لیے اپنے پیغام میں کہا کہ شہریوں کی زندگیاں قیمتی ہیں اس لیے اس طرح حالات میں محتاط رہیں۔

قدرتی آفات، ایشیا پیسیفک میں 22 کروڑ سے زائد افراد بے گھر ہوئے، رپورٹ

ون پلس نے سستی اسمارٹ واچ متعارف کروانے کی تصدیق کردی

پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم میں افغانستان میں امن کے لیے زور کیوں دیا؟