کھیل

میتھیو ہیڈن ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے پھر پاکستان کے بیٹنگ مینٹور مقرر

آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ مینٹور بنائے جانے پر بے حد پرجوش ہوں، سابق آسٹریلین اوپنر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ایک مرتبہ پھر سابق آسٹریلین اوپنر میتھیو ہیڈن کو قومی ٹیم کا بیٹنگ مینٹور مقرر کردیا ہے۔

پی سی بی کا یہ اقدام گزشتہ سال کیے گئے فیصلے کا تسلسل معلوم ہوتا ہے جہاں گزشتہ سال بھی ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے میتھیو ہیڈن کی خدمات حاصل کی تھیں اور یہ فیصلہ کافی حد تک درست ثابت ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: ’ہیڈن بھائی! تم پاکستان کی طرف ہو یا بھارت کی طرف؟‘

پاکستان نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے راؤنڈ میچز میں عمدہ کھیل پیش کیا تھا اور بھارت سمیت تمام حریفوں کو شکست دے کر ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

تاہم ایونٹ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے قومی ٹیم کو شکست دے کر ایونٹ جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا تھا۔

نیوزی لینڈ میں سہ ملکی سیریز کھیلنے کے بعد قومی ٹیم کے آسٹریلیا پہنچنے پر ہیڈن 15 اکتوبر کو برسبین میں پاکستانی اسکواڈ کو جوائن کریں گے ۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ میں میتھیو ہیڈن کو اسکواڈ کا دوبارہ حصہ بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنیا بھر میں ان کی صلاحیتیں تسلیم شدہ ہیں، وہ اپنے ہمراہ آسٹریلوی کنڈیشنز کے بارے میں معلومات کا خزانہ لائیں گے اور مجھے یقین ہے کہ ان کی شمولیت سے ہمارے انتہائی باصلاحیت کرکٹرز کو ورلڈ کپ اور مستقبل کے دوروں کے لیے کافی فائدہ پہنچے گا۔

اس حوالے سے میتھیو ہیڈن نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ مینٹور بنائے جانے پر بے حد پرجوش ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: میتھیو ہیڈن قومی ٹیم کے بیٹنگ اور ورنن فلینڈر باؤلنگ کوچ مقرر

ان کا کہنا تھا کہ میں نے دیکھا ہے کہ ٹی20 ایشیا کپ میں پاکستان کی کارکردگی کیسی رہی ہے اور اتوار کو بھارت کے خلاف جیت بہت شاندار تھی۔

سابق آسٹریلین اوپنر نے کہا کہ میرے خیال میں اس پاکستانی ٹیم کے پاس آسٹریلیا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے درکار تمام صلاحیتیں ہیں اور بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں نقطہ نظر سے کنڈیشنز ان کے لیے موزوں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیم نے تمام شعبوں بہترین انداز میں احاطہ کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ ورلڈ کپ میں گزشتہ سال کی طرح بہترین کھیل پیش کرے گی۔

‘خدارا اس قدرتی آفت کو قوم کے لیے تعمیر نو کا ایک موقع بنا لیں’

‘آپریشن لندن برج’ کیا ہے اور اس کے تحت کیا کچھ ہوتا ہے؟

پنجاب میں راجن پور، ڈیرہ غازی خان کے اضلاع سیلاب سے زیادہ متاثر