وفاقی حکومت نے پیٹرول فی لیٹر 6 روپے 72 پیسے مزید مہنگا کردیا
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر پیٹرول کی قیمت فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 72 پیسے اضافہ کردیا۔
وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور ایکسچینج ریٹ میں ہونے والی ردوبدل کی روشنی میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی تبدیلی کے اثرات عوام تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: پیٹرول 3.05 روپے سستا، ڈیزل 8.95 روپے مہنگا کرنے کا اعلان
بیان میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نفاذ 16 اگست سے ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 72 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 233 روپے 91 پیسے ہوگی۔
حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 پیسے کمی کی ہے اور نئی قیمت 244 روپے 44 پیسے ہوگی۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر ایک روپے 67 پیسے کی کمی کی گئی ہے اور فی لیٹر نئی قیمت 199 روپے 40 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 43 پیسے کا اضافہ کردیا ہے اور نئی قیمت 191 روپے 75 پیسے ہوگی۔
اس سے قبل حکومت نے 31 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے فی لیٹر کمی اور ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 95 پیسے اضافے کا اعلان کیا تھا۔
وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ حکومت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 5 پیسے کمی کر سکتی ہے تاہم ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 95 پیسے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمتوں میں 11 روپے کمی، ڈیزل 8 روپے مہنگا ہونے کا امکان
ڈان ڈاٹ کام کو حکام نے بتایا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں یکم اگست سے نمایاں کمی ہونی تھی لیکن روپے کی قدر میں کمی، پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) اور ڈیلرز کے کمیشن میں اضافے کی وجہ سے عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے فائدے سے صارفین محروم رہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اور پیٹرول پر 5 روپے فی لیٹر اضافے کا کہا تھا تاکہ تمام پیٹرولیم مصنوعات پر پی ڈی ایل 15 روپے فی لیٹر کی یکساں شرح کو یقینی بنایا جا سکے، اس وقت پیٹرول پر پی ڈی ایل 10 روپے فی لیٹر، ڈیزل ، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر 5 روپے فی لیٹر لی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ 14 جولائی کو وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 18 روپے 50 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے کم کرنے کا اعلان کیا تھا، اس سے قبل پیٹرول کی قیمت میں مسلسل ہوشربا اضافہ کیا جاتا رہا تھا۔