پاکستان

برطانوی اخبار کی رپورٹ عمران نیازی کے خلاف سنگین فرد جرم ہے، شہباز شریف

عمران خان نے فنڈ ریزنگ ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کی اورکہا کہ اس میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی، فنانشل ٹائمز

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برطانوی اخبار کی تحقیقاتی رپورٹ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران نیازی کے خلاف سنگین فرد جرم ہے، جس نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے حقائق بے نقاب کر دیے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وززیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معتبر عالمی ادارے فنانشل ٹائمز کی تحقیقاتی رپورٹ عمران نیازی کے خلاف سنگین فرد جرم ہے، جس نے پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ، غیرقانونی بھاری رقوم کی ترسیل کے حقائق بے نقاب کر دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں بیان کردہ ٹھوس حقائق چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں کہ عمران نیازی جھوٹ، تضادات اور منافقت کا پیکر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تمام اداروں کا آئینی حدود میں کام کرنا ضروری ہے، وزیراعظم شہباز شریف

دوسری جانب، پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے بھی اس رپورٹ کو ٹوئٹر پر شیئر کیا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کے ردعمل میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ فنانشل ٹائمز نے شریف برادران کو 2 کروڑ امریکی ڈالر موصول ہونے کا ذکر صرف پاسنگ ریمارکس کے طور پر کیا جبکہ پی ٹی آئی کو کی جانے والی 13 لاکھ امریکی ڈالر کی قانونی فنڈنگ ​​کچھ سخت قرار دی۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانوی اخبار کی خبر کو زاویہ دینا پاکستان کے کچھ میڈیا گروپس سے بھی بدتر ہے۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی: عدالتی اصلاحات کیلئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی قرارداد منظور

پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے بھی ٹوئٹ میں کہا کہ امپورٹڈ چاچا جی کو شاید کسی نے بتایا نہیں اسی آرٹیکل میں لکھا ہے کہ ابراج گروپ کی طرف سے نواز شریف اور شہباز شریف کو 2016 میں 2 کروڑ ڈالر رشوت دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے تو فنڈریزنگ کی تفصیل خود لکھ کر جمع کروائی جو الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کا حصہ ہے، آپ آجائیں اس 2 کروڑ ڈالر کا حساب بتائیں۔

فنانشل ٹائمز کی رپورٹ

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے 'کرکٹ میچ کا عجیب کیس جس کے فنڈ نے عمران خان کو سیاسی عروج حاصل کرنے میں مدد کی' کے عنوان سے تحقیقی رپورٹ میں بتایا کہ عارف نقوی نے 2013 میں پی ٹی آئی کو تین قسطوں میں براہ راست 21 لاکھ ڈالر کی مجموعی رقم ٹرانسفر کی تھی۔

فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پاکستانی ٹائیکون عارف نقوی نے سپر اسٹار کرکٹر عمران خان اور سیکڑوں بینکرز، وکلا اور سرمایہ کاروں کو ووٹن میں کھیل کے لیے مدعو کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو ’سازش‘ کا علم تھا تو پہلے واویلا کرنا چاہیے تھا، شہباز شریف

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عارف نقوی نے کہا کہ مہمانوں کو شرکت کے لیے 2 ہزار سے ڈھائی ہزار پاؤنڈ کے درمیان ادائیگی کا کہا گیا تھا اور بتایا تھا کہ یہ رقم فلاحی کاموں کے لیے استعمال ہوگی۔

فنانشل ٹائمز نے ابراج گروپ کی ای میلز اور اندرونی دستاویزات سمیت متحدہ عرب امارات میں ووٹن کرکٹ اکاؤنٹ کا 28 فروری سے 30 ​​مئی 2013 کے درمیان اسٹیٹمنٹ کا تجزیہ کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں کمپنیوں اور غیر ملکی شہریوں نے ووٹن کرکٹ کو لاکھوں ڈالر بھیجے جس کے بعد رقم پاکستان میں پی ٹی آئی کو ٹرانسفر کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ووٹن کرکٹ کے بینک اکاؤنٹ میں ابراج انویسٹمنٹ منیجمنٹ لمیٹڈ سے 13 لاکھ ڈالر کی رقم 14 مارچ 2013 کو موصول ہوئی، بعدازاں اسی دن 13 لاکھ ڈالر کی یہ رقم پاکستان میں پی ٹی آئی کے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی گئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا کہ ووٹن کرکٹ کے اکاؤنٹ میں ابو ظہبی کی رائل فیملی کے شیخ نہیان مبارک کی طرف سے اپریل 2013 میں 20 لاکھ ڈالرمنتقل کیے گیے، یہ رقم آنے کے 6 دن بعد عارف نقوی نے اس سے 12 لاکھ ڈالر کی دو قسطیں پاکستان میں ٹرانسفر کر دیں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا شنگھائی تعاون تنظیم کے اہداف حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا

رپورٹ کے مطابق کیش فلو کے انتظام سنبھالنے والے ابراج گروپ کے سینئر ایگزیکٹو رفیق لاکھانی نے عارف نقوی کو ای میل میں بتایا کہ ٹرانسفر کا مقصد پی ٹی آئی کے لیے تھا، شیخ نہیان مبارک نے اس حوالے سے جواب نہیں دیا۔

عمران خان کی فنڈ ریزنگ ایونٹ میں شرکت کی تصدیق

2012 میں ووٹن میں شرکت کے سوال پر فنانشل ٹائمز کو تحریری جواب میں عمران خان نے بتایا کہ انہوں نے فنڈ ریزنگ ایونٹ میں شرکت کی تھی جس میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 6 مئی 2013 کو ووٹن کرکٹ نے 12 لاکھ ڈالر کی رقم پاکستانی بزنس مین طارق شفیع اور انصاف ٹرسٹ کو منتقل کی، لاکھانی نے عارف نقوی کو بتایا کہ یہ رقم پی ٹی آئی کو ٹرانسفر کی گئی، عمران خان نے تصدیق کی کہ طارق شفیع نے پی ٹی آئی کو فنڈز دیے۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے گزشتہ روز پی ڈی ایم کے اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کردہ قرارداد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ 8 سال سے زیر التوا فارن فنڈنگ کیس کا فی الفور فیصلہ سنایا جائے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین، قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ مزید کسی تاخیر کے بغیر جاری کرے۔

بین الاقوامی منصوبے کے تحت پاکستان کو دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا گیا، مولانا فضل الرحمٰن

پی ٹی آئی کے سبطین خان پنجاب اسمبلی کے اسپیکر منتخب

چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں فیصلے ڈکٹیٹ نہیں کرائے، جسٹس فائز عیسیٰ کا خط